چیمپئنز ون ڈے کپ مارخورز نے اسٹالینز کو 126 رنز سے شکست دیدی

232 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اسٹالینز کی ٹیم 105 رنز بناسکی

فوٹو: پی سی بی

چیمپئنز ون ڈے کپ کے چوتھے میچ میں مارخورز نے اسٹالینز کو 126 رنز سے شکست دیدی۔

فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں مارخورز کی جانب سے 232 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اسٹالینز کی پوری ٹیم 23.4 اوورز میں 105 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

اسٹالینز کی طرف سے بابراعظم 45 اور شان مسعود 19 رنز بناکر نمایاں رہے، مذکورہ دونوں کے علاوہ کوئی بھی بلے باز ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکا۔


مارخورز کی طرف سے زاہد محمود نے 5، سلمان آغا نے 3 اور نسیم شاہ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں مارخورز کی ٹیم بھی پورے 50 اوورز کھیلے بغیر ہی پویلین لوٹ گئی تھی، مارخورز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 45 اوورز میں 231 رنز بنائے۔

مارخورز کی طرف سے افتخار احمد 60 اور سلمان آغا 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، عبدالصمد نے 37 اور کپتان محمد رضوان نے 33 رنز بنائے۔

اسٹالینز کی طرف سے جہانداد خان نے 4 اور مہران ممتاز نے 3 وکٹیں حاصل کیں، محمد علی اور ابرار احمد ایک، ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔
Load Next Story