لاہور:
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سری لنکا کے ابھرتے ہوئے آف اسپنر سینا نائیکے کے بولنگ ایکشن کو مشکوک قرار دیتے ہوئے ان پر بولنگ کرانے پر پابندی عائد کردی ہے۔
سری لنکن بورڈ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سال مئی ہونے والی انگلینڈ کی سیریز کے دوران لارڈز میں کھیلے جانے والے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں سینا نائیکے کے بولنگ ایکشن کو مشکوک قراردے کر ان پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ بورڈ کا کہنا تھا سینا نائیکے کے بولنگ ایکشن کے خلاف انگلینڈ نے آئی سی سی میں شکایت کی تھی جب کہ ان کے بولنگ ایکشن کو ایمپائرز آئن گاؤلڈ اور ماریس ایراسمس نے بھی رپورٹ کیا تھا۔
سری لنکن بورڈ کا کہنا تھا کہ سینا نائیکے کے باؤلنگ ایکشن کو جانچنے کے لیے آئی سی سی کے مجوزہ قوانین کے مطابق کسی بھی بولر کا بو لنگ کراتے وقت اوپر والا بازو کا پھیلاؤ 15 ڈگری سے زیادہ نہیں ہونا چاہئے جبکہ سینا نائکے کی 4بال ایسی تھیں جو 15 ڈگری سے زیادہ پھیلاؤ سے پھینکی گئیں جو کہ آئی سی سی کے قانون کے مطابق درست نہیں۔
واضح رہے کہ سینا نائیکے نے 39 ایک روزہ میچز کھیل کر 40 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔