فیریئر ہال کراچی سے پینٹنگز چوری ہونے پر سندھ حکومت کا نوٹس کمیٹی تشکیل
ڈہرکی سے تعلق رکھنے والے مصور کو اپنے گمشدہ فن پارے برسوں بعد پاکستانی ڈرامے ’’کبھی میں کبھی تم‘‘ میں نظر آئے
سوشل میڈیا پر فیریئر ہال کراچی سے پینٹنگز چوری ہونے سے متعلق مہم پر سندھ کے وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے نوٹس لے لیا۔
صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے تحقیقات کے لیے دو رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔ ڈی جی کلچر اور ڈی جی اینٹیکیوٹیز پر مشتمل کمیٹی کو معاملے پر تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
سید ذوالفقار علی شاہ کا کہنا تھا کہ نوجوان آرٹسٹ کی پینٹنگز غائب ہونے سے متعلق سوشل میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا، معاملے پر کمیٹی تشکیل دی ہے جو جامع رپورٹ پیش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کی حقیقت سامنے آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی اور اگر کسی کی غفلت یا کوتاہی ہوئی تو کارروائی کی جائے گی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ نوجوان آرٹسٹ ہمارا سرمایہ ہے لہٰذا ناانصافی برداشت نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ ڈہرکی کے مصور سیفی سومرو کو اپنے گمشدہ فن پارے برسوں بعد پاکستانی ڈرامے ''کبھی میں کبھی تم'' میں نظر آئے۔
نجی چینل کے ڈرامے میں نظر آنے والے فن پارے کراچی کے فیریئر ہال میں نمائش کے لیے رکھے گئے تھے لیکن مصور کو بتایا گیا تھا کہ فن پارے چوری ہوگئے ہیں۔