آئینی ترمیم لانا تو دُور انہوں نے سوچا کیسے جب تک ہم ہیں ایسا بل پیش کر سکیں گنڈاپور

خود کو جمہوری کہنے والوں کو شرم آنی چاہیے، ایسا بل پاس تو دُور کی بات ہے، کسی کی جرأت بھی نہیں ہوگی کہ پیش کر سکیں


ویب ڈیسک September 17, 2024
فوٹو اسکرین گریپ

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ آئینی ترمیمی بل بل لانا تو دُور کی بات، اِنہوں نے سوچا کیسے جب تک ہم ہیں ایسا بل پیش کر سکیں؟۔


رحمۃ للعٰلمین کانفرنس سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آئینی ترامیم لانے والوں کو شرم آنی چاہیے۔ ہم انہیں ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جمہوریت پر ایک حملہ ہے اور یہ حملہ ہم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔


علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ یہ جو اپنے آپ کو جمہوری پارٹیاں کہتے ہیں انہیں شرم آنی چاہیے ، اس طرح کے بل کو لانا تو دُور کی بات ہے، انہوں نے سوچا کیسے کہ پاکستانی قوم یا پاکستان میں جب تک ہم ہیں اور جمہوریت ہے ، اس طرح کا بل اور اس طرح کی شرائط لاکر یہ کامیاب ہوں گے۔


انہوں نے کہا کہ ہم کبھی انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پہلے ہم ان کو پارلیمنٹ میں شکست دیں گے، اس کے بعد عدلیہ کے ذریعے بھی۔ ہم اپنے جائز حق کے لیے تمام آئینی حق استعمال کرتے ہوئے اس طرح کا بل پاس ہونا تو دُور کی بات ہے، کسی کی جرأت بھی نہیں ہوگی کہ پیش کر سکیں۔


رحمۃ للعٰلمین کانفرنس سے خطاب


دریں اثنا خیبر پخونخوا میں ربیع الاول کے دوران پہلی بار رحمۃ للعٰلمین کانفرنسز کا سرکاری سطح پر انعقاد کیا گیا۔ اسی سلسلے میں جشن میلاد النبیؐ کی مناسبت سے پشاور میں قومی رحمۃ للعٰلمین کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔


کانفرنس میں منتخب عوامی نمائندے، سرکاری حکام، سیاسی و سماجی شخصیات اور تمام مکاتب فکر کے علما کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یہ کانفرنس عشرہ رحمۃ للعٰلمین منانے کے سلسلے میں صوبائی حکومت کی مختلف تقاریب کا حصہ ہے۔


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت پوری کائنات کے لیے باعث رحمت ہے۔ آپؐ نے کردار اور عمل سے لوگوں کو اچھائی کی طرف راغب کیا۔ آپؐ نے انصاف کی بات کی، آپ کی تعلیمات ہی میں کامیابی ہے۔


انہوں نے کہا کہ اپنے نبی سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ ہمارے پیغمبر نے زندگی کا ہر راستہ دکھایا۔ آپؐ نے عملاً لوگوں کو دعوتِ اسلام دی۔ انصاف اور حقوق کی بات کی۔ ہم اپنے نبیؐ کی زندگی کے مطابق چلیں گے۔


علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مدارس کے بچوں کو اپنے بچے سمجھ کر ان کی پرورش کریں گے۔ اپنے بچوں کو دینی تعلیم دینی چاہیے۔ اسلام امن کا پیغام دیتا ہے۔ ہم پرامن لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اسلام کی بات پہلے کرتے تھے۔ عمران خان ناموس رسالت کی بات بھی کرتے تھے۔



تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں