2024

پاکستان جمہوریت اور عمران خان سے متعلق سوال امریکی ترجمان کا ردعمل آگیا

ترجمان میتھیو ملر نے امریکی قائم مقام نائب وزیر خارجہ جان باس کے دورۂ پاکستان کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا


ویب ڈیسک September 17, 2024
امریکی نائب وزیر خارجہ نے اپنے دورے میں افغانوں کی آبادی کاری پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا، میتھیو ملر

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیوملر نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں قائم مقام نائب وزیر خارجہ جان باس کے حال ہی میں کیے گئے اہم دورۂ پاکستان پر سیر حاصل گفتگو کی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پریس بریفنگ میں ایک صحافی نے سوال کیا کہ انڈر سیکرٹری جان باس نے اپنے دورۂٔ پاکستان میں آرمی چیف، نائب وزیر اعظم اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں کیا انھوں نے پاکستان میں جمہوریت یا عمران خان کے بارے میں کوئی بات کی یا نہیں؟

جس پر امریکی وزیر خارجہ میتھیو ملر نے کہا کہ انڈر سیکرٹری جان باس نے پاکستانی عسکری اور حکومتی قیادت کے ساتھ معیشت، اور سلامتی سے متعلق امور پر بات چیت کی۔

میتھیو ملر نے مزید کہا کہ جان باس نے دہشت گردی اور پُرتشدد انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے، علاقائی استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کی اہمیت سمیت اقتصادی اور سلامتی کے امور پر دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے ہمارے نقطہ نظر پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان امریکی وزارت خارجہ میتھیو ملر نے کہا کہ انڈر سیکرٹری جان باس نے امریکا میں افغانوں کی آبادکاری کے لیے مدد کرنے میں پاکستان کے مسلسل تعاون پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

میتھیو ملر نے کہا کہ جان باس اور پاکستانی قیادت نے ملاقات میں ان تمام مسائل پر مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

تاہم امریکی ترجمان میتھیو ملر نے صحافی کے عمران خان سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں