سفاری پارک لاہور کی نیلامی؛ بولی دینے والی کمپنیاں پیچھے ہٹ گئیں

 لاہور: سفاری پارک لاہور کی نیلامی میں زیادہ بولیاں دینے والی کمپنیاں پیچھے ہٹ گئیں۔

صوبائی دارالحکومت لاہور کے سفاری پارک کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوسکی۔ نیلامی میں سب سے زیادہ بولی دینے والی کمپنیاں پیچھے ہٹ گئیں، جس کے بعد نیلامی کے لیے اب 24 ستمبر کو دوبارہ ٹینڈر وصول کیے جائیں گے۔

بین الاقوامی طرز پر تیار کیے گئے لاہور سفاری پارک کو نجی شعبے کے حوالے کیا جارہا ہے۔ سفاری پارک کی اونرشپ اور انتظام پنجاب وائلڈلائف کے پاس ہی رہے گا تاہم پارکنگ ، داخلہ ٹکٹ، الیکٹرک گاڑیوں کی ٹکٹ اور لائن سفاری ٹکٹ کی کلکشن نجی شعبے کو دینے کے لیے حال ہی میں نیلامی کروائی گئی تھی۔

پنجاب وائلڈلائف نے نیلامی کی ریزرو پرائس 8 کروڑ روپے رکھی تھی، جس پر ایک کمپنی نے سب سے زیادہ 36 کروڑ روپے جب کہ دوسری کمپنی 35 کروڑ 80 لاکھ روپے کی پیش کش کی تھی۔ پنجاب وائلڈ لائف نے سب سے زیادہ پیش کش دینے والی کمپنی کو ٹھیکہ دے دیا تاہم کمپنی نے مقررہ مدت میں نیلامی کی رقم جمع نہیں کروائی جس پر محکمے نے دوسرے نمبر پر آنے والی کمپنی کو پیش کش کی لیکن اس نے بھی ٹھیکہ لینے سے معذرت کرلی، جس کے بعد پنجاب وائلڈ لائف حکام سرپکڑ کربیٹھ گئے۔

پنجاب وائلڈ لائف حکام 36 کروڑ روپے کی آفر آنے پر خاصے خوش تھے لیکن یہ خوشی عارضی ثابت ہوئی۔ وائلڈ لائف حکام نے بتایا کہ محکمے نے ریزرو پرائس 8 کروڑ روپے رکھی تھی اور انہیں توقع تھی کہ 12 سے 13 کروڑ روپے تک نیلامی ہو جائے گی لیکن نیلامی میں شریک کمپنیوں نے توقع سے کہیں بڑھ کر پیش کش کردی ۔

انہوں نے بتایا کہ نیلامی کے بعد کامیاب کمپنی نے 3 دن کے اندر نیلامی کی رقم جمع کروانی تھی لیکن کمپنی نے وہ رقم جمع نہیں کروائی، جس کے بعد دوسرے نمبر پرآنے والی کمپنی کو پیش کش کی گئی لیکن اس نے بھی معذرت کرلی ہے۔

وائلڈ لائف حکام نے بتایا کہ کامیاب بولی کے بعد منحرف ہونے والی کمپنیوں کی سکیورٹی ضبط کرلی گئی ہے اور اب 24 ستمبر کو دوبارہ ٹینڈر وصول کیے جائیں گے، جس کے بعد نیلامی کی تاریخ کا اعلان ہوگا۔

حکام کا کہنا ہے کہ لاہور سفاری پارک کے مالی معاملات کو شفاف بنانے کے لیے یہ خدمات نجی شعبے کے حوالے کی جارہی ہیں۔ نجی کمپنی اپنا اسٹاف تعینات کرے گی۔ ٹھیکے کے علاوہ استعمال شدہ بجلی کا بل بھی کمپنی ادا کرے گی جب کہ کمپنی کو ٹکٹوں کے ریٹ بڑھانے کا اختیارنہیں ہوگا۔

علاوہ ازیں لاہور چڑیا گھر کو بھی نجے شعبے کے حوالے کرنے پر کام شروع ہوگیا ہے۔ آئندہ چند روز میں لاہور چڑیاگھر کی پارکنگ، داخلہ ٹکٹ ،سانپ گھر اور ہالوگرام کے ٹکٹوں کی کلکشن کے ٹھیکے کی نیلامی کا ٹینڈر جاری کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے لاہور سفاری پارک اور لاہور چڑیا گھر کی اپ گریڈیشن پر 4 ارب روپے سے زائد رقم خرچ کی ہے۔