دشمن مشرقی اور مغربی سرحدوں سے ملک کو غیرمستحکم کرنا چاہتا ہے وزیراعلیٰ سندھ

اللہ تعالیٰ عالم اسلام کو اتنا مضبوط بنائےکہ وہ مسلمانوں کو صہیونیوں اور ہندوؤں کے مظالم سے نجات دلاسکیں، مراد علی شاہ

مراد علی شاہ نے میمن مسجد کراچی کے باہر میڈیا سے بات چیت کی—فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ دشمن مشرقی اور مغربی سرحدوں سے دشمن ملک کو غیرمستحکم کرنا چاہتے ہیں تاہم ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے اور اللہ کی مدد سے دشمن کی ان کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میمن مسجد کراچی کے باہر جشن عید میلاد النبی کے جلوس میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کہاکہ آقائے دو جہاں پوری دنیا کے لیے رحمت بن کر آئے، آج رحمت اللعالمین کی ولادت کا دن ہے، آج کے دن ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ان کے نقش پر چلیں گے۔


مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں مسلمانوں پر مظالم کا ذکر کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ عالم اسلام کو اتنا مضبوط بنا دے کہ وہ مسلمانوں کو صہیونیوں اور ہندوؤں کے مظالم سے نجات دلاسکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بعض عناصر جھوٹے اور من گھڑت پروپیگنڈے سے قومی یکجہتی کو نقصان پہچانا چاہتے ہیں تاہم عوام ان کو اچھی طرح جانتے ہیں، ہماری قوم مضبوط ہے اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروکار ہے، قائداعظم کے ارشادات کی روشنی میں یہ ملک علاقائی اور عالمی سطح پر ترقی کرے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے میمن مسجد میں انتظامیہ سے ملاقات کی اور سینٹرل پولیس آفس میں قائم کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا اور وہاں سے جلوس کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا، اس موقع پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے وزیراعلیٰ سندھ کو سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔
Load Next Story