خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیر اور ان کا دلچسپ مجموعہ


فوٹو : فائل

بھیک مانگنا
زریں یوسف، کراچی
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کہیں مارکیٹ میں پھر رہی ہوں اور میرے ہاتھ میں ایک باجا نما چیز ہے جو میں بجا کر پیسے لینا چاہتی ہوں مگر کوئی بھی مجھے پیسے نہیں دیتا ، تنگ آ کر میں ادھر ادھر دیکھنا شروع کر دیتی ہوں کہ شاید مجھے کہیں سے کچھ گرے ہوئے پیسے مل جائیں ۔

تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کا دماغ بہت زیادہ دنیا داری میں لگا ہوا ہے۔ اور زیادہ تر وقت پیسوں اور دنیا کے متعلق سوچتے ہوئے گزرتا ہے۔ بہتر ہے کہ اس دنیا داری سے ذھن نکال کر اللہ کی طرف دھیان لگائیں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں ۔ رات کو سونے سے پہلے سیرت النبی کا مطالعہ کیا کریں جو کہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

گھر میں کالا کتا
سلیمہ فرحان، مظفر آباد
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر کے باغ میں چہل قدمی کر رہی ہوں اور اچانک گیٹ سے کوئی کالا سیاہ کتا اندر آ جاتا ہے ۔ میں. تیزی سے آگے بڑھتی ہوں کہ اس کو باہر نکالوں مگر وہ بجلی کی سی تیزی سے گھر کے اندرونی حصے کی طرف چلا جاتا ہے۔ اندر جا کر وہ کچن میں جگہ جگہ برتنوں کے اوپر سے گزرتا ہے اور ہر چیز کو گراتا چلا جاتا ہے ۔ میں ایک جھاڑو اٹھا کے اس کو باہر نکالنے کی مسلسل کوشش کر رہی ہوتی ہوں ۔ اس کے ساتھ ساتھ مجھے یہ پریشانی ہوتی ہے کہ اب میں کیسے یہ سب صاف کروں گی ۔

تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی غم یا خوف مسلط ہو سکتا ہے ۔ کاروبار میں رکاوٹ آ سکتی ہے ۔ رزق میں بھی اس کی وجہ سے کمی ہو سکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

راستے میں بھیڑیا
محسن علی، چکوال
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کسی ویران پہاڑی علاقے سے گزر رہا ہوں ۔ اچانک گاڑی کے سامنے ایک بھیڑیا آ جاتا ہے ۔ بریک لگاتے لگاتے بھی گاڑی اس سے ٹکرا جاتی ہے ۔ مجھے لگتا ہے کہ شائد وہ مر گیا ہے۔ میں جلدی سے اتر کر اس کو دیکھتا ہوں۔ ایک نظر میں مجھے وہ مردہ لگتا ہے، مگر جیسے ہی میں اس کو الٹ کر دیکھتا ہوں ، وہ ایک دم سے اٹھ جاتا ہے اور مجھ پہ حملہ کر دیتا ہے ۔ میں بہت تیزی سے بھاگتا ہوں مگر وہ مجھ پہ چھلانگ لگا دیتا ہے اور میں اس کے تیز ناخن اپنے جسم میں چھبتے ہوئے محسوس کرتا ہوں ، اس کے بعد مارے تکلیف کے مجھ سے ہلا بھی نہیں جاتا ، اور میں خود کو مفلوج محسوس کرتا ہوں ، پھر بھی بہت زور لگا کر خود کو گھسیٹ کر گاڑی کے نیچے کر لیتا ہوں ۔

تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی دشمن نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ ممکن ہے کہ وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب ہو جائے ۔ جس کی وجہ سے گھریلو کاروباری یا تعلیمی معاملات میں کوئی رکاوٹ آپ کے لئے پریشانی کا باعث بنے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

کلاس میں پیاس لگنا
عبدالرزاق ، گجرات
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ مجھے بہت پیاس لگی ہے اور اس وجہ سے مجھ سے کلاس میں توجہ سے پڑھا نہیں جا رہا ۔ میرے استاد مجھے لیکچر میں کلاس چھوڑ کر جانے کی اجازت نہیں دے رہے ۔ پیاس کے مارے میرے حلق میں کانٹے چبھ رہے ہوتے ہیں ۔ میں سوچ رہا تھا کہ جانے کب تک یہ حالت رہے گی ۔

تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ بیماری یا تعلیمی سلسلے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے ۔ کاروباری معاملات میں بھی کوئی مسلہ پیش آ سکتا ہے۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور حسب استطاعت صدقہ کیا کریں ۔

طالبات سے تلاوت سننا
عائلہ حسین، کراچی
خواب : میں نے دیکھا کہ میری قرآن کلاس کی سب طالبات میرے گھر آ رہی ہیں اور ہم سب نیاز بانٹنے کے لئے بڑے بڑے تھال نکال رہے ہیں ۔ اس کے بعد بچیاں باری باری تلاوت کرتی ہیں اور مختلف سورتوں کو مجھے سناتی ہیں ۔ میری امی بھی ہمارے پاس آ کر بیٹھ جاتی ہیں اور مجھے کہتی ہیں کہ وہ اپنی طرف سے بہترین تلاوت کرنے پہ ان بچیوں کو کچھ تحائف دینا چاہتی ہیں۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہو گا ۔ علم حاصل کرنے کی جانب توجہ ہو گی اور ذھن میں بزرگی آئے گی ۔گھر میں بھی آرام و سکون ملے گا ۔ اللہ کے گھر کی زیارت بھی ممکن ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔

آندھی کی آواز
صائمہ چوہدری، بھکر
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کہیں کھلی جگہ پہ ہوں اور موسم کافی زیادہ خراب ہے۔ میں آندھی کی آواز سے دل میں پریشان ہوں اور سوچ رہی ہوں کہ جانے کب تک یہ حالت رہے گی ۔

تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے۔ بیماری یا تعلیمی سلسلے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے ۔ کاروباری معاملات میں کسی غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

دوست کے ساتھ محفل میلاد میں شرکت
شاہد حسین، شیخوپورہ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میرے محلہ کے ایک گھر میں ایک محفل میلاد ہو رہی ہے ۔ میں اس محفل میں شرکت کے لئے اپنے دوست کے ساتھ جاتا ہوں ۔ وہاں بڑے اچھے اچھے نعت خواں تشریف لائے ہوتے ہیں ۔ یہ نعت خواں ہمارے نبیﷺ کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہوتے ہیں ۔ ان کا کلام بہت اچھا ہوتا ہے ۔ میں بھی اس محفل کو سننے کے لئے وہاں ایک کونے میں بیٹھ جاتا ہوں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے دین و دنیا میں بھلائی ہو گی ۔ آپ کے کاروبار میں ترقی ہو گی جس سے مال و وسائل دونوں میں بہتری آئے گی ۔ دین کے ساتھ وابستگی زیادہ ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں ۔ رات کو سونے سے پہلے حضور نبی کریمﷺ کی سیرت مبارکہ کا مطالعہ لازمی کیا کریں ۔

خالہ کے گائوں جانا
فرزانہ الیاس، پاکپتن
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنی خالہ کے پاس گائوں آئی ہوئی ہوں ۔ میری خالہ دوپہر کے کھانے میں باجرہ کی روٹی اور لسی مکھن لاتی ہیں۔ وہ گرم گرم باجرے کی روٹی کے اوپر مکھن کا ایک پیڑا رکھتی ہیں جس سے روٹی نرم ہو جاتی ہے۔ میں ساگ کے ساتھ روٹی کھاتی ہوں تو مجھے بہت مزہ آتا ہے۔ ساتھ ساتھ میں خالہ سے باتیں بھی کر رہی ہوتی ہوں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاھر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ آپ کے کاروبار میں برکت ہو گی ۔ اس سے وسائل میں بھی برکت ہو گی ۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کوئی دلی مراد پوری ہو جائے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

چچا شکر قندی لاتے ہیں
اللہ یار ، ملتان
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گاوں میں ہوں اور میرے چچا ہمارے لئے شکر قندی لاتے ہیں ۔ ہماری چچی سب کے لئے دودھ میں وہ شکر قندی پکا کے لاتی ہیں ۔ ہم سب لوگ بہت مزے سے اس کو کھاتے ہیں ۔ اس کا ذائقہ بے حد لذیذ ہوتا ہے۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو رزق حلال میں اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔ اللہ تعالی اپنے فضل و کرم سے کوئی خوشی کی خبر عطا فرمائیں گے۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

خانقاہ میں ذکر میں شرکت
مبارک علی،گجرات
خواب : میں نے دیکھا کہ اپنے مرشد کی خانقاہ میں ہوں ۔ وہاں پہ میرے بہت سے پیر بھائی ہوتے ہیں جو صفائی کر رہے ہوتے ہیں ۔ کچھ کھانا پکا رہے ہوتے ہیں ۔ میں مسجد والے حصے میں جاتا ہوں تو وہاں بھی بہت سے لوگ حلقہ بنا کر بآواز بلند ذکر کر رہے ہوتے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مرشد کریم کی خانقاہ ہر طرف آباد ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے بزرگوں سے فیض ملے گا۔ اور ان کی خدمت کرنے کی بھی سعادت حاصل ہو گی۔ دین و دنیا دونوں میں کامیابی ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد جاری رکھا کریں ۔کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔

کالج کی تقریب
عامر سہیل،کراچی
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ ہمارے کالج میں کوئی فنکشن ہے جس میں خوب شور شرابا ہو رہا ہے۔ میرا دوست مجھے بیگ دے کر کسی کام سے جاتا ہے تو میں اس کا بیگ کھول کر اندر سے چیزیں دیکھنے لگتا ہوں پھر کچھ ڈنڈے نما سٹکس نکال کر پاس پڑے ڈرموں کو ڈھول کی طرح بجانے لگتا ھوں ۔ میرے باقی کلاس فیلوز اس پہ نا پسندیدگی کا اظہار کرتے ہیں مگر میں کسی چیز کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے رکے بنا یہی کرتا چلا جاتا ہوں ۔

تعبیر : یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی راز جو آپ نے ابھی تک پوشیدہ رکھا ہوا ہے وہ فاش ہو جائے گا ۔ مقاصد میں گڑ بڑ ہو سکتی ہے جس سے مال و وسائل میں کمی آ سکتی ہے ۔کاروبار میں جن لوگوں پر آپ کو اعتماد تھا وہ بھی آپ کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا سکتے ہیں ۔کاروبار میں عقل سے کام لیں اور منصوبہ بندی کے تحت کاروبار کریں۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

باغ میں چہل قدمی
جمیلہ بیگم، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں ایک باغ میں سیر کرنے جاتی ہوں ۔ میرے ساتھ میری بیٹی اور بہو بھی ہوتی ہے۔ باغ میں بہت رونق ہوتی ہے۔ بہت زیادہ خواتین و حضرات سیر کرنے آئے ہوتے ہیں ۔ ہم تینوں بھی سیر کے لئے باغ کا چکر لگانا شروع کر دیتے ہیں۔ اس پہ میری بہو مجھے کہتی ہے کہ تیز نہ چلیں آپ کے گھٹنے میں مسلہ ہو گا ۔ میں اس کی بات مان کر ا دھر ہی رک جاتی ہوں ۔اس وقت باغ میں بہت ٹھنڈی ہوا چل رہی ہوتی ہے۔ اس سے میری طبیعت بہت خوش ہوتی ہے۔ پھر میں ایک جگہ بہنچ کے اوپر بیٹھ جاتی ہوں جبکہ میری بہو اور بیٹی باغ کی سیر کو چل دیتی ہیں اور اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کو راحت و آرام نصیب ہو گا ۔ پریشانیوں سے نجات ملے گی۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کوئی خوشخبری ملے ۔ کاروبار میں بھی اضافہ ہو گا جس سے گھر میں آرام و سکون ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

محفل میلاد
فجر علی، اسلام آباد
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی ہمسائے کے ساتھ کسی کے گھر میلاد پہ آئی ہوں وہاں سے فارغ ہو کے میں واپسی کے لئے نکلتی ہوں تو مجھے میرے جوتے کہیں نظر نہیں آتے ۔ میں بہت پریشان ہوتی ہوں، میزبان بھی میرے ساتھ مل کے تلاش کرتی ہیں مگر مجھے نہیں ملتے۔ پھر وہ مجھے اپنے گھر سے ایک جوتا پہننے کے لئے دیتی ہیں، میں پہن تو لیتی ھوں مگر دل میں بہت زیادہ پریشانی ہوتی ہے۔ اس کے بعد مجھے یاد نہیں ۔

تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے گھریلو زندگی میں کوئی مسلہ ہو سکتا ہے جس کی وجہ سے گھر میں پریشانی و نا چاقی ہو سکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار کیا کریں۔ مراقبہ میں بھی دعا کرا دی جائے گی ۔

رشوت وصول کرنا
فتح محمد، فیصل آباد
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے دفتر میں بیٹھا ہوں اور کوئی میرے لئے پیسوں سے بھرا تھیلا لے کر آتا ہے ۔ میں بہت خوشی سے رکھتا ہوں مگر ساتھ ہی مجھے فکر لگ جاتی ہے کہ کوئی میرا ساتھی مجھے دیکھ نہ لے ، پھر میں گھر جانے کے لئے دفتر سے نکل جاتا ہوں ۔

تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ بیمار ہو سکتے ہیں یا تعلیمی سلسے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے ۔ کاروباری معاملات میں کسی غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

راستہ نہیں ملتا
کمال احمد، گوجرانوالہ
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کسی بہت اچھے سے روشن میدان میں ہوں مگر اس کے باوجود مجھے راستہ نہیں مل رہا ہوتا ۔ میں کبھی ایک طرف جاتا ہوں کبھی دوسری طرف مگر سب کچھ اجنبی لگ رہا ہوتا ہے ۔

تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کا دماغ بہت زیادہ دنیا داری میں لگا ہوا ہے ۔ بہتر ہے کہ اس دنیا داری سے ذھن نکال کر اللہ کی طرف دھیان لگائیں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں ۔ رات کو سونے سے پہلے سیرت النبی کا مطالعہ کیا کریں جو کہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

لباس گندا ہونا
عبدالقیوم، پشاور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں نے دفتر جانے کے لئے تیار ی شروع کی اور کپڑے نکالنے لگا تو دیکھا سارے کپڑے بہت ہی گندے ہیں میں حیران ہو کر سوچتا ہوں کہ جانے کسی نے کیوں دھوئے بغیر ایسے ہی الماری میں رکھ دیئے۔ اس کے بعد میں پریشانی کے عالم میں بس کھڑا ہی رہتا ہوں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ میری پریشانی بھی بڑھتی جا رہی ہوتی ہے کہ کیسے وقت پہ دفتر پہنچوں گا ۔

تعبیر : یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی مشکل پیش آ سکتی ہے ۔گھر کا ماحول بھی کچھ پریشان کن ہو سکتا ہے۔ گھریلو سطح پہ تعلقات بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ کاروبار میں بھی مشکل پیش آ سکتی ہے جس سے مال و وسائل میں کمی آ سکتی ہے۔ آپ یاحی یا قیوم کا زیادہ سے زیادہ ورد کیا کریں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔