تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنے والا ملزم گرفتار

ویب ڈیسک  بدھ 18 ستمبر 2024
منشیات فروخت کرنے والے ملزمان کیخلاف تحقیقات جاری ہیں:فوٹو:فائل

منشیات فروخت کرنے والے ملزمان کیخلاف تحقیقات جاری ہیں:فوٹو:فائل

 راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

اے این ایف کے مطابق ملتان میں بوستان روڈ پر یونیورسٹی کے قریب موٹرسائیکل سوار سے 200 گرام چرس برآمد ہوئی۔خانیوال کے رہائشی ملزم اسامہ رحمان خان نے ملتان کے تعلیمی اداروں میں طلبا کو منشیات فراہم کرنے کا اعتراف کیا۔ ملزم ملتان کی مختلف جامعات اور کالجوں کے طلبا کو کینٹین اور ہوسٹل اسٹاف کےذریعے منشیات فروخت کرتا تھا۔

دوسری جانب اے این ایف نے مختلف کارروائیوں میں 3 کروڑ سے زائد مالیت کی 539 کلو منشیات برآمد کر کے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ راولپنڈی میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 500 گرام افیون برآمد ہوئی جبکہ صادق آباد راولپنڈی کے قریب گھر سے 500 گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتارکرلیا گیا۔ اسلام آباد کے سیکٹر ایچ 11 میں یونیورسٹی کے قریب سے 100 گرام چرس برآمد ہوئی۔ مانسہرہ میں ہوٹل کے قریب گاڑی سے 300 گرام چرس برآمد ہوئی۔ دونوں کارروائیوں میں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

اے این ایف کے مطابق رنگ روڈ پشاور پر واقع کوریئر آفس میں شیخوپورہ بھیجے جانے والے پارسل سے 2.4 کلو گرام افیون برآمد ہوئی۔ پسنی کوسٹل ہائی وے گوادر پر گاڑی سے 14 کلوگرام چرس اور 1 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ ملزم کو  گرفتار کر لیا گیا۔ پشین سے 520 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔