مہنگائی میں اضافے کا رجحان برقرار بیشتر اشیا کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار

ملک میں کیلا اوسطاً 115، انڈے85 روپے فی درجن، چینی56، لہسن117، پیاز 38، آلو 68،ٹماٹر43 اور زندہ مرغی164 روپے۔۔۔


Business Desk July 13, 2014
گزشتہ ہفتے 20 اشیا کی قیمتیں بڑھنے سے ہفتہ وار افراط زر میں 0.23 اور سال بہ سال 6.95 فیصد کا اضافہ، کم آمدن افراد پر ایک ہفتے میں 0.24 فیصد بوجھ پڑا، پی بی ایس فوٹو: فائل

عام استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے اور ملک میں بیشتر اشیا کی قیمتیں بلند سطح ہیں، اس وقت کیلا اوسطاً 115 روپے فی درجن قیمت پر دستیاب ہے جبکہ انڈے کے نرخ 85 روپے فی درجن ہیں، چینی 56، لہسن 117 روپے، ٹماٹر 43، پیاز 38، آلو 68 اور زندہ مرغی 164 روپے فی کلوگرام فروخت کی جا رہی ہے۔

پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 10جولائی 2014 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 20اشیا کی قیمتیں بڑھ گئیں جس کے نتیجے میں ہفتہ وارافراط زر کی شرح میں 0.23 فیصد کا اضافہ ہوا تاہم انفلیشن ریٹ میں سال بہ سال 6.95 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ہفتہ وار بنیادوں پر گزشتہ ہفتے کم آمدن افراد پر 0.24 فیصد کا اضافی بوجھ پڑا، 18ہزار روپے ماہانہ تک کمانے والوں کے لیے مہنگائی میں 0.24 فیصد کا ہی اضافہ ہوا جبکہ 18 ہزار1 روپے سے لے کر 35 ہزار روپے سے زائد ماہانہ کمانے والوں کے لیے مہنگائی کی شرح 0.23 فیصد بڑھی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 20اشیا کی قیمتیں بڑھیں، سب سے زیادہ اضافہ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 4.04 فیصد کا ہوا جس سے گھریلو سلنڈر 1325.47 روپے کا ہوگیا جبکہ ملک میں کیلے کی اوسط قیمت 2.11 فیصد کے اضافے سے 114.63 روپے فی درجن، انڈے 1.88 فیصد کے اضافے سے 85.14 روپے فی درجن، چینی 1.75فیصد بڑھ کر 55.91 روپے فی کلو گرام، لہسن 1.61فیصد کے اضافے سے 117.17 روپے فی کلوگرام، پیاز 1.10 فیصد کے اضافے سے 37.60 روپے فی کلوگرام، زندہ مرغی 1.03 فیصد کے اضافے سے 164.46 روپے فی کلوگرام اور گندم 0.65فیصد بڑھ کر 340.84 روپے فی 10کلوگرام ہوگئی جبکہ سگریٹ، جارجٹ، آٹے، شرٹنگ، گائے کے گوشت، کپڑے دھونے کے صابن، نمک، بڑے کے گوشت، سرسوں کے تیل، دال چنا اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

اس کے علاوہ 6 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ان میں ٹماٹر7.09 فیصد کی کمی سے 43.13 روپے فی کلوگرام، آلو 0.75 فیصد گھٹ کر68.40 روپے فی کلوگرام اور دال مونگ 0.73فیصد گھٹ کر 160.53 روپے فی کلوگرام ہوگئی جبکہ سرخ مرچ پاؤڈر، دال مسور اور دال ماش کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی، اس کے علاوہ باسمتی و ارل 6 چاول، بریڈ، تازہ دودھ، دہی، خشک دودھ سمیت 27 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں