خام تیل کی عالمی قیمت میں گزشتہ ہفتے 421 ڈالر فی بیرل کمی

سونے، چاندی، پلاٹینم و پلاڈیم کے نرخوں میں اضافہ، تانبے، ٹن اور کلئی کی قیمت گھٹ گئی

ایلومینیم، لیڈ اور جست مہنگے، چینی کی قیمت 12 ڈالر کی کمی سے457 ڈالر فی ٹن رہی۔ فوٹو: فائل

بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے گزشتہ ہفتے سونے پر توجہ مرکوز رکھی تاہم آئل مارکیٹ مسلسل تیسرے ہفتے بھی تنزلی کی جانب گامزن رہی۔

گزشتہ ہفتے لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 1319.25 ڈالر سے بڑھ کر 1339ڈالر فی اونس ہوگئی جبکہ چاندی کے نرخ 29 سینٹ کے اضافے سے 21.41 ڈالر فی اونس ہوگئے، لندن پلاٹینم و پلاڈیم مارکیٹ میں پلاٹینم کی قیمت 3 ڈالر کے اضافے سے 1506 ڈالر فی اونس اور پلاڈیم کی 1 ڈالر بڑھ کر 867 ڈالر فی اونس ہوگئی تاہم لیبیا کی سپلائی میں بہتری اور عراق سے متعلق خدشات کمی کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کمی ہوئی۔


ایک ہفتے میں لندن انٹرکانٹینیٹل ایکس چینج میں برینٹ نارتھ سی خام تیل کی اگست میں فراہمی کے لیے قیمت4.21 ڈالر کی کمی کے نتیجے میں110.87 ڈالر سے گھٹ کر106.66 ڈالر فی بیرل ہوگئی جبکہ نیویارک مرکنٹائل ایکس چینج میں ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ یا لائٹ سوئٹ کروڈ کی اگست میں سپلائی کے لیے قیمت3.07 ڈالر گھٹ جانے کے باعث 103.90 ڈالر سے نیچے آ کر 100.83ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی۔

گزشتہ ہفتے لندن میٹل ایکس چینج میں تانبے کی قیمت 4ڈالر کی کمی سے 7125 ڈالر فی ٹن ہوگئی جبکہ ایلومینیم کی قیمت 1921ڈالر سے بڑھ کر1934 ڈالر فی ٹن ہوگئی، لیڈ کے نرخ میں گزشتہ ہفتے 14 ڈالر کا اضافہ ہوا جس سے لیڈ کی قیمت 2180 ڈالر سے بڑھ کر 2194 ڈالر فی ٹن ہوگئی جبکہ ٹین کی قیمت 22ہزار790 سے گھٹ کر 21 ہزار 963 ڈالر فی ٹن ہوگئی، کلئی کی قیمت 19ہزار 500 سے گھٹ کر19ہزار 163 ڈالر فی ٹن اور جسٹ کی قیمت 2236 ڈالر سے بڑھ کر 2287 ڈالر فی ٹن ہو گئی۔ گزشتہ ہفتے چینی کی عالمی قیمت اکتوبر میں فراہمی کے لیے 12 ڈالر کی کمی سے 457 ڈالر فی ٹن ریکارڈ کی گئی۔
Load Next Story