پی آئی بی کالونی میں منشیات کے کئی اڈے مسمار شہر سے82 ملزمان گرفتار

متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ انچارج ،سیکٹر ممبر اور کئی کارکنان بھی گرفتار شدگان میں شامل،اہلخانہ کا شدید احتجاج

اہلسنت و الجماعت کے2 کارکنان کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلیے چھاپے،2 درجن سے زائد مشتبہ افراد زیرحراست فوٹو : فائل

پولیس اور رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر82 ملزمان کو گرفتار وحراست میں لے لیا۔

پی آئی بی کالونی میں نصف درجن سے زائد منشیات کے اڈے مسمار کر دیے، تفصیلات کے مطابق حراست میں لیے جانیوالوں میں متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ انچارج اورکارکنان بھی شامل ہیں ، اہلسنت و الجماعت کے2 کارکنان کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے گلشن ڈویژن پولیس نے پی آئی بی کالونی اور پرانی سبزی منڈی کے مختلف علاقوں کا محاصرہ کرکے منشیات فروش سمیت2 درجن سے زائد مشتبہ افراد کوگرفتار کرلیا ، پولیس نے نصف درجن سے زائد منشیات کے اڈے مسمار کرنے کا دعویٰ کیا ہے،شہر کے مختلف علاقوں سے پولیس اور رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ انچارج اورسیکٹر ممبر سمیت53 ملزمان کو گرفتار و حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 6جولائی کو پرانی سبزی منڈی کرنال بستی میں اہلسنت و الجماعت کے2کارکنان کے قتل میں ملوث منشیات فروشوں کی گرفتاری کے لیے ایس ڈی پی او نیو ٹاؤن ناصر لودھی کی سربراہی میں گلشن ڈویژن پولیس کی بھاری نفری نے پی آئی بی کالونی اور سبزی منڈی کے مختلف علاقوں باجوڑی محلہ ، پختون چوک ، تربوز گراؤنڈ ، منو گوٹھ ، کرنال بستی ، جھنڈا شاہ مزار اور متصل علاقوں کا محاصرہ کر کے2 گھنٹے سے زائد سرچ آپریشن کیا ، پولیس نے کرنال بستی ، منو گوٹھ اور پختون چوک پر قائم تین سے زائد منشیات کے اڈوں کو مسمار کرنے کا دعویٰ کیا اور اس ہی دوران 2 درجن سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر عزیز بھٹی ، نیوٹاؤن اور پی آئی بی کالونی تھانوں میں منتقل کردیا ،ایس پی عابد قائم خانی نے بتایا کہ سرچ آپریشن اہلسنت و الجماعت کے 2کارکنان کے قتل میں ملوث منشیات فروشوں کے لیے گیا تھا ۔


تاہم قتل میں ملوث ملزمان گرفتار نہ ہوسکے، مقدمے میں سابق ایس ایچ او پی آئی بی راؤ ظہیر بھی نامزد ہیں،انویسٹی گیشن پولیس قتل کی تحقیقات کر رہی ہے ،راؤ ظہیر ملوث پائے گئے تو انہیں بھی گرفتار کیا جائے گا ، رینجرز نے جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب نیوکراچی کے علاقے سیکٹر5/E اور سیکٹر 5/D میں کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ یونٹ 140/A کے یونٹ انچارج حیدر بیگ ، کمیٹی ممبر عبدالرحمان اور ہارون کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جس پر حراست میں لیے جانے والے کارکنان کے اہلخانہ نے رینجرز اور پولیس کے خلاف شدید احتجا ج بھی کیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ رینجرز اور پولیس حراست میں لیے جانے والے مذکورہ کارکنان کو 12مئی کے واقعے میں درج ہونے والے مقدمے میں ڈالا جائے گا اس ہی طرح رینجرز اور پولیس نے چند روز قبل حراست میں لیے جانے والے ریحان فاروقی کو بھی مذکورہ کیس میں ڈال دیا تھا ۔

پاکستان رینجرز سندھ نے گارڈن کے علاقے میں کارروائیاں کرتے ہوئے 6ملزمان کو حراست میں لے لیا ، رینجرز ترجمان کے مطابق حراست میں لیے جانے والوں میں3 ٹارگٹ کلر بھی شامل ہیں جو قتل کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں ، حراست میں لیے جانے والے ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ، رینجرز نے ایک اور کارروائی کے دوران برنس روڈ پر چھاپہ مار کر متحدہ قومی موومنٹ کے3 کارکنان کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ، لانڈھی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم فضل وہاب کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی جبکہ ملزم کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔

ایس ایچ او شبیر حسین کا کہنا ہے کہ ملزمان عادی جرائم پیشہ ہے ملزم نے 28 جون کو بابر مارکیٹ میں ڈکیتی مزاحمت پر بر گر والے عقیل کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا ، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ، رینجرز نے منگھو پیر کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ، ترجمان کے مطابق پکڑے جانے والے ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے ، کراچی پولیس ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پولیس نے گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں63چھاپے اور3 پولیس مقابلے کے دوران مجموعی طور پر43ملزمان کو گرفتار اور3 کو ہلاک کر دیا ، ہلاک و گرفتار ملزمان کے قبضے سے ہینڈ گنز 15دو دستی بم اور ایک ہزار 615 گرام چرس برآمد کر لی۔
Load Next Story