اپوزیشن سے نام نہ ملنے پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا عبوری چیئرمین مقرر کرنے کا فیصلہ

دو خطوط کے باوجود اپوزیشن نے نام نہیں دیے، عوامی مفاد میں یہ عہدہ زیادہ دیر تک خالی نہیں رکھا جاسکتا، طارق فضل چوہدری

(فوٹو : فائل)

قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے لیے دو خطوط کے باوجود اپوزیشن سے نام نہ ملنے پر حکمران جماعت نے چیئرمین پی اے سی کے لیے عبوری چیئرمین مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اس حوالے سے چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا پبلک اکاونٹس کمیٹی سے متعلق اہم بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے بتایا ہے کہ حکمران جماعت نے چیئرمین پی اے سی کے لیے عبوری چیئرمین مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بہترین عوامی مفاد میں یہ عہدہ زیادہ دیر تک خالی نہیں رکھا جاسکتا، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے لئے الیکشن اگلے ایک یا دو دن میں ہوجائے گا، اپوزیشن کو چیئرمین پی اے سی کے لئے دو خطوط لکھے ہیں۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ خطوط میں کہا گیا کہ اپوزیشن 4 ممبران پر مشتمل پینل بھجوائے، اپوزیشن نے ابھی تک ان دونوں خطوط کا کوئی مثبت جواب نہیں دیا ہے، پبلک اکاونٹس کمیٹی کا آئندہ ایک سے دو دن میں الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا ہے، کسی حکومتی ممبر کو چئیرمین پی اے سی منتخب کیا جائیگا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی چیئرمین ایک عارضی بندوبست کے لئے منتخب کیا جائے گا، پبلک اکاونٹس کمیٹی کا چیئرمین شپ اپوزیشن کی امانت ہے، جب بھی اپوزیشن 4 ناموں پر مشتمل پینل بھجوائے گی منتخب شدہ چیئرمین مستعفی ہوجائے گا، نئے الیکشن کے ذریعے اپوزیشن کا چیئرمین منتخب کروایا جائے گا، پبلک اکاونٹس کمیٹی کی اہمیت کی وجہ سے اسکے اجلاس کو اور الیکشن کو غیر معینہ مدت تک ملتوی نہیں کیا جاسکتا۔
Load Next Story