ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ویمنز ٹی20 ورلڈکپ ٹرافی کی رونمائی
میچ سے قبل پاکستان کی کپتان فاطمہ ثناء اور جنوبی افریقی کپتان لورا وولوارٹ نے ٹرافی کے ساتھ پوز دیا
آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈکپ کی ٹرافی 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئی۔
ٹی20 ورلڈکپ سے قبل ٹرافی ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں رونمائی کیلئے رکھی گئی تاکہ شائقین دیدار کرسکیں۔
ورلڈکپ ٹرافی کے ہمراہ دونوں ٹیموں کی کپتانوں نے ٹاس کے وقت ٹرافی کیساتھ پوز بھی دیا۔
مزید پڑھیں: آئی سی سی کا ویمنز ورلڈ کپ کی انعامی رقم میں ریکارڈ اضافے کا اعلان
ٹرافی 21 ستمبر کو دبئی روانہ ہونے سے پہلے ڈولفنز اور اسٹالینز کے درمیان چیمپئنز ون ڈے کپ کے میچ کے دوران فیصل آباد اسٹیڈیم بھی پہنچائی جائے گی۔
ایونٹ کی میزبانی بنگلادیش کے سپرد ہے تاہم سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کا تختہ الٹائے جانے کے بعد حالات کشیدہ ہونے کی وجہ سے ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات منتقل کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈکپ کی ٹرافی کل لاہور پہنچے گی
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا آغاز 3 اکتوبر کو میزبان بنگلادیش سے اسکاٹ لینڈ سے ہوگا، قومی ٹیم اسی روز سری لنکا کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا۔
ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کی مجموعی انعامی رقم 7.96 ملین ڈالر ہوگی، جس میں فاتح ٹیم کو 2.34 ملین ڈالر ملے جو 2023 کے ٹورنامنٹ میں چمپیئن آسٹریلیا کو ملنے والے رقم سے 10 لاکھ ڈالر زیادہ ہوگی۔