وفاق نے متحدہ کے تحفظات دورکرنے کی یقین دہانی کرادی

مقدمات یا بھتہ خوری میں ملوث افرادکی گرفتاری سے قبل قانونی تقاضے پورے کیے، رپورٹ


عامر خان July 13, 2014
اگرزیادتیوں کا سلسلہ جاری رہا تو احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں، ذرائع متحدہ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت کی اعلیٰ شخصیات نے ایم کیو ایم کی قیادت کو یقین دہانی کرادی ہے کہ کراچی آپریشن اور کارکنان کی گرفتاریوں پر ایم کیو ایم کے تحفظات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نواز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ کو ہدایت جاری کردی ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری جائزہ لیں اور قانون کے مطابق ایم کیو ایم کی قیادت کے تحفظات کو فوری دور کیا جائے، اگر کسی کارکن کو بے گناہ گرفتار کرنے کی کوئی شکایت سامنے آئی ہے تو اس معاملے کی بھی فوری تحقیقات کرائی جائے گی۔

یہ یقین دہانی کا پیغام وفاقی حکومت کے سیاسی رابطہ کار نے ایم کیو ایم کی قیادت تک پہنچادیا ہے، ایم کیو ایم کی قیادت کی تمام جائز شکایات کا قانون کے مطابق ازالہ کیا جائے گا تاہم اگر کوئی سیاسی کارکن غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس پیغام کے موصول ہوتے ہی ایم کیو ایم کی قیادت نے مشاورت کا سلسلہ شروع کردیا ہے، ایم کیو ایم کے حلقوں کا اپنے جواب میں وفاق کے حلقوں کو کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی یقین دہانی کے بعد ہمیں یقین ہے کہ ہمارے بے گناہ گرفتار کارکنان کو رہا کردیا جائے گا، اگر زیادتیوں کا سلسلہ جاری رہا تو پھر احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے وفاقی حکومت کو بھیجی گئی رپورٹ میں کہاکہ کراچی میں گذشتہ کئی روز سے جاری چھاپہ مار مہم میں ایم کیو ایم سمیت کسی سیاسی جماعت کو ٹارگٹ نہیں کیا گیا، صرف ان افراد کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے جو مقدمات میں ملوث ہیں یا بھتہ خوری میں ملوث پائے گئے ہیں اورجن افراد کو حراست میں لیاگیا ہے ان کو حراست میں لینے کے دوران تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں