چیمپئنز ون ڈے کپ اسٹالینز نے ڈولفنز کو 174 رنز کے بھاری مارجن سے ہرادیا
ڈولفنز کی یہ ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری شکست ہے
چیمپئنز ون ڈے کپ کے ساتویں میچ میں اسٹالینز نے ڈولفنز کو 174 رنز کے بھاری مارجن سے ہرادیا۔
فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں اسٹالینز کے 271 رنز کے جواب میں ڈولفنز 97 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ڈولفنز ابھی تک ٹورنامنٹ میں کوئی بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی اور یہ اسکی مسلسل تیسری شکست ہے۔
اسٹالینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے تھے۔ اسٹالینز کے بابراعظم 104 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، یاسر خان نے 46 اور شان مسعود نے 34 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں ڈولفنز کے اوپنر محمد ہریرہ صفر پر آوٹ ہوگئے، صاحبزادہ فرحان 32 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، آصف علی نے 21، کپتان سعود شکیل نے 12 رنز بنائے۔
ڈولفنز کی پوری ٹیم 25 اوورز میں 97 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ استالینز کی طرف سے جہانداد خان اور مہران ممتاز نے تین، تین، ابرار احمد اور حارث رؤف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔