حکومت قاضی فائز کیلیے سپر عدالت بنا رہی ہے، پی ٹی آئی

  اسلام آباد / لاہور: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ حکومت قاضی فائز عیسیٰ کے لیے سپر عدالت بنا رہی ہے، کسی بھی قسم کی سپرعدالت ناقابل قبول ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے کہا ہے کہ ایک عرصے بعد ہم لاہور مینار پاکستان پر جلسہ کرنے جا رہے ہیں، عوام سے درخواست ہے کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں پر امن طریقے سے نکلیں۔

تحریک انصاف پنجاب کے قائم مقام صدر حماد اظہر نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل سے قیدی نمبر804 نے لاہور جلسے کا این او سی دیا ہے، تاریخی جلسہ منعقد ہوگا، کرپٹ مافیا نے رکاوٹیں ڈالیں تو پھر پنجاب کی ہر سڑک پر جلسہ ہوگا۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے لاہور کا جلسہ ہر صورت ہوگا،  پی ٹی آئی رہنمابیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ آئینی عدالت بنانے کیلئے جلدی نہیں ہونی چاہیئے، مشاورت کے ساتھ عدالت بن سکتی ہے، شک ہے آئینی عدالت میں مرضی کے ججز لگا کر مرضی کے فیصلے کروائے جائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن نے کہا ہے کہ ہمارا اور مولانا فضل الرحمان کا ایک ہی موقف ہے ملٹری کورٹس قبول نہیں کریں گے، آئینی عدالت کا دائرہ محدود ہونا چاہیے۔ ان کا کہناتھا کہ اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کے درمیان بات چیت کا آغاز کوئی تیسرا شخص بھی کر سکتا ہے، مذاکرات ریاست کے مفاد میںہیں لیکن مینڈیٹ چور تین پارٹیوں پی پی پی ، ن لیگ اور ایم کیو ایم سے بات نہیں کریں گے۔