امریکا کا صحتِ عامہ کا نظام دیگر ترقی یافتہ ممالک سے زیادہ ناقص ہے رپورٹ
دوسرے امیر ممالک نے اپنی آبادی کی صحت کی ضروریات کو کامیابی کے ساتھ پورا کیا ہے
ایک نئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دنیا کے امیر ممالک میں امریکا کا ہیلتھ کیئر سسٹم سب سے زیادہ خراب ہے۔
ہیلتھ کیئر کے تھنک ٹینک 'دی کامن ویلتھ فنڈ کی سالانہ رپورٹ کے مطابق امریکا میں لوگ سب سے جلد مرتے ہیں اور 10 ترقی یافتہ ممالک میں سب سے زیادہ بیمار امریکا میں ہیں، حالانکہ امریکا صحتِ عامہ کی دیکھ بھال پر سب سے زیادہ خرچ کرتا ہے۔
رپورٹ میں شامل 10 ممالک میں آسٹریلیا، نیدرلینڈز اور برطانیہ کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو سب سے بہتر بتایا گیا ہے۔
بین الاقوامی صحت کی پالیسی کے نائب صدر ریجنالڈ ولیمز کا کہنا تھا کہ جب کہ دوسری قوموں نے اپنی آبادی کی صحت کی ضروریات کو کامیابی کے ساتھ پورا کیا ہے، امریکی صحت کا نظام نمایاں طور پر پیچھے ہے۔
رپورٹ کے لیے محققین نے کارکردگی کے پانچ شعبوں میں 70 مخصوص اقدامات کی بنیاد پر ممالک کے صحت کے نظام کا موازنہ کیا۔ امریکا کے خلاف ماپے جانے والی دیگر اقوام میں کینیڈا، فرانس، جرمنی، نیوزی لینڈ، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ بھی شامل تھے۔