کسٹمز نے لانچوں کے ذریعے ہزاروں لیٹر ایرانی ڈیزل اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی

2 افراد کو بھی زیرحراست لیا گیا، ضبط شدہ لانچوں اور ڈیزل کی مالیت 3 کروڑ روپے ہے، کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کلکٹریٹ

irani diesel

پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کی جانب سے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت کھلے سمندر میں کی جانے والی ایک کارروائی میں اے ایس او کسٹمز میرین نے لانچوں کے ذریعے ایرانی ڈیزل اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کلکٹریٹ باسط مقصود عباسی نے ایکسپریس کو بتایا کہ المنیر اور الحبیبی نامی دو لانچوں کے ذریعے 27620لیٹر ایرانی ڈیزل اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔


انہوں نے بتایا کہ اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل کی مالیت 70لاکھ روپے ہے جبکہ ڈیزل کی اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی دونوں لانچوں کی مالیت 2کروڑ 30لاکھ روپے ہے جنہیں ضبط کرلیا گیا اور ضبط شدہ دونوں لانچیں اور اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل اے ایس او کسٹمز کے گودام میں منتقل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ متعلقہ حکام نے دونوں لانچوں میں موجود 2افراد کو بھی حراست میں لے لیا ہے، جن کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی و تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
Load Next Story