بچوں کو خودکش بنانے والے ذہن کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے پرویز رشید

طاہرالقادری بغاوت اور انقلاب کی باتیں کررہے ہیں جب وقت آئے گا تو قانون اپنا راستہ خود اختیار کرے گا، پرویز رشید


ویب ڈیسک July 13, 2014
کسی ایسی چیز کا حصہ نہیں بنیں گے جو آئین سے متصادم ہو، پرویز رشید فوٹو: ایکسپریس نیوز

وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ ماضی میں ہم سے ایسی درسگاہیں بنائیں جہاں سے خودکش حملہ آور اور فائرنگ کرنے والے نوجوان نکلے ہمیں اس ذہن کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

لاہورمیں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کسی ایسی چیزکا حصہ نہ تو بنی ہے اور نہ ہی بنے گی جو ملک کے آئین و قانون سے متصادم ہو۔ پرویز مشرف کو محفوظ راستہ دیئے جانے کے معاملے میں خود پیپلز پارٹی کے رہنما الگ الگ بات کررہے ہیں اور اس کے علاوہ خود پرویز مشرف بھی اس مبینہ ڈیل کی تردید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو میڈیا سے بہت پیار ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ آزاد اور فعال میڈیا جمہوریت سے انتہائی ضروری ہے۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ برسوں کے دوران دہشتگردوں نے وزیرستان کے لوگوں کو یرغمال بنالیا تھا، وہ اپنے گھر میں اجنبیوں کی طرح رہ رہے تھے، ان کے گھروں کا قبضہ واپس دلانے کے لئے پاک فوج اپنا کردار ادا کررہی ہے اور جلد ہی یہ لوگ اپنے گھروں کو واپس چلے جائیں گے۔ موجودہ حکومت متاثرین کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے اور ہر خاندان کو 65 ہزار روپے ماہانہ دیئے جائیں گے جو کہ ملک بھر میں فی خاندان آمدنی سے کم از کم 3 گنا زیادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طاہر القادری نے سانحہ لاہور سے قبل ہی مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو نامزد کردیا تھا اور اب شاہ محمود قریشی بھی اسی طرح کی پیش گوئی کررہے ہیں، اس طرح کی باتیں وہی کرسکتے ہیں جو سانحات کو رونما کرانے والا ہو یا انھیں اس کا پتہ ہو۔

اس سے قبل تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم نے جس غیر ملکی قوت سے آزادی حاصل کی درحقیقیت وہ ہماری ضروریات سے آگاہ تھے، انہوں نے ایسی درس گاہیں بنائیں جن سے فارغ التحصیل بچے سب سے محبت کرتے ہیں لیکن ہم نے ایسی درسگاہیں بنائیں جہاں سے خودکش جیکٹ اور گولیاں چلانے والے نوجوان نکلتے ہیں۔ ہمیں نوجوانوں کو تباہ کرنے والے اس ذہن کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں