کراچی میں آئندہ کئی روز تک گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان
کراچی میں درجہ حرارت میں اضافہ اور 36 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات
September 20, 2024
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ کئی روز تک موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ اس دوران درجہ حرارت اضافے کے بعد 36 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعلامیے میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ 26 ستمبر سے مون سون ہوائیں دیہی سندھ کے اضلاع پر اثر انداز ہوسکتی ہیں تاہم کراچی میں سسٹم داخل ہوگا اور نہ ہی بارش کا کوئی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کوشہر کا موسم گرم اور مرطوب رہا،جس کے دوران دوسرے روز بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 64 فیصد رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 ستمبر سے خلیج بنگال سے مغربی ہواؤں کی لہرملک بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے،26 سے 28 ستمبر تک میرپورخاص، تھرپارکر، عمرکوٹ اور ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفراز کے مطابق شہر میں مذکورہ سسٹم کے تحت بارش کا کوئی امکان نہیں ہے،ان کا کہنا ہے کہ چندروز کے دوران شہر کا زیادہ سے زیادہ حرارت بیشتردنوں 35 ڈگری جبکہ کسی روز 36 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے،تاہم اس کے بعد ہواوں کا رخ تبدیل ہونے کے بعد شہر کادرجہ حرارت 2 تا 3 ڈگری کم ہونے کے سبب موسم معتدل ہونے کی توقع ہے۔