آئی سی سی ون ڈے رینکنگ سعید اجمل بہترین بالر اور محمد حفیظ نمبر ون آل راؤنڈر

ٹاپ ٹین بلے بازوں میں قومی ٹیم کا صرف ایک کھلاڑی مصباح الحق شامل ہے جن کا نمبر آٹھواں ہے۔


ویب ڈیسک July 13, 2014
سعید اجمل اور محمد حفیظ پاکستان کی بالنگ لائن کے اہم ستون ہیں۔ ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

انٹرنیشل کرکٹ کونسل کی جانب سے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق پاکستان کے سعید اجمل بہترین بالر جبکہ محمد حفیظ نمبر ون آل راؤنڈر ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ نئی ون ڈے رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا کی پہلی پوزیشن ہے، بھارت دوسرے، سری لنکا تیسرے، جنوبی افریقا چوتھے، انگلینڈ پانچویں اور پاکستان چھٹے نمبر پر ہے، اس کے علاوہ نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور زمبابوے بالترتیب ساتویں، آٹھویں، نویں اور دسویں نمبر پر ہے۔ ون ڈے فارمیٹ کے بیٹنگ کے شعبے میں پہلی دونوں پوزیشن پر پروٹیز کھلاڑیوں کا قبضہ ہے، پہلے نمبر پر ابراہم ڈی ویلئیرز جبکہ دوسرے نمبر پر ہاشم آملہ اور ویراٹ کوہلی مشترکہ طور پر براجمان ہیں۔ جارج بیلی چوتھے، کمارا سنگاکارا پانچویں، مہندر سنگھ دھونی چھٹے، تلکارتنے دلشان ساتویں اور پاکستان کے مسٹر ٹک ٹک مصباح الحق آٹھویں نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور احمد شہزاد 15ویں اور عمر اکمل 17ویں نمبر پر موجود ہیں۔

ایک روزہ کرکٹ میں بالنگ کے شعبے میں پاکستان کے جادوگر اسپنر سعید اجمل کا جادو برقرار ہے اور وہ بہترین بالرز کی فہرست میں بدستور سرفہرست ہیں۔ دوسرے نمبر پر سنیل نارائن، تیسرے پر جیمز اینڈرسن، چوتھے پر ڈیل اسٹین اور پانچویں نمبر پر مک کے براجمان ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان کے محمد حفیظ 10ویں اور جنید خان 16ویں نمبر پر ہیں۔ 50،50 اوورز کے کرکٹ فارمیٹ میں آل رانڈرز کی درجہ بندی میں پاکستان کے محمد حفیظ پہلے، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوسرے، اینجلو میتھیوز تیسرے، رویندر جدیجا چوتھے اور شین واٹسن پانچویں نمبر پر ہیں، اس کے علاوہ پاکستان سے بوم بوم آفریدی بھی ٹاپ ٹین آل رانڈرز کی فہرست میں شامل ہیں اور اس فہرست میں ان کا نمبر ساتوں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں