حکومت اپنے سرمایہ کار دوستوں کو نوازنے کےلئے ادارے فروخت کررہی ہےرضا ربانی

ملک کی اقتصادی پالیسی مکمل طور پر آئی ایم ایف کے زیراثر ہے،رہنما پیپلز پارٹی


ویب ڈیسک July 13, 2014
پیپلزپارٹی نے پرویزمشرف کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں کی، رضا ربانی فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رضا ربانی کا کہنا ہے کہ حکومت اپنے سرمایہ کار دوستوں کو نوازنے کے لئےاداروں کو فروخت کررہی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران رضا ربانی کا کہنا تھا کہ ملکی معاشی صورت حال انتہائی ناگفتہ بہ ہے، ایسا لگتا ہے جیسے ملک کو عالمی مالیاتی سامراج کی زنجیروں میں جکڑدیا گیا ہے اور وطن عزیز آئی ایم ایف کی ذیلی ریاست ہے ۔ ملک کی اقتصادی پالیسی مکمل طور پر آئی ایم ایف کے زیراثر ہے، آئی ایم ایف نے قرض دینے کے لئے نئی شرائط عائد کردی ہیں جن میں بجلی مہنگی کرنا بھی شامل ہے۔ اگر نیپرا نے اس پر اتفاق نہیں کیا تو حکومت خود اس قیمت کو بڑھائے گی۔ حکومت نے اپنے من پسند لوگوں کوفائدہ پہنچانے کے لئے پہلے گردشی قرضوں کو ختم کیا اب یہ قرضے ایک مرتبہ پھر ہمارے سروں پر کھڑے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ فائدہ پہنچانے والے ادارے کیوں بیچے جارہے ہیں۔ ملک میں لوٹ سیل کا آغاز ہوچکا ہے، حکومت اپنے سرمایہ کار دوستوں کو نوازنے کے لئےاداروں کو فروخت کررہی ہے، وفاق صوبوں کا بٹوارہ کرنے جارہا ہے۔ چھوٹے صوبوں کے حقوق لوٹ کھسوٹ کے نذرہورہے ہیں، تینوں صوبائی اسمبلیاں نجکاری کے خلاف آواز بلند کریں، اس کے لئے وہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کریں اور نجکاری کے خلاف مشترکہ مفاداتی کونسل میں مخالفت کریں۔ پیپلز پارٹی ملکی اداروں کی نجکاری کے خلاف ہے، اس سے ہزاروں مزدور اپنے روزگاروں سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔ پی پی ایل اور پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اگر ضرورت محسوس ہوئی تو نجکاری کا عمل سپریم کورٹ میں بھی چیلنج کردیں گے۔

رضا ربانی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے پرویزمشرف کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں کی،پرویز مشرف نےمواخذے سےبچنے کےلیے استعفٰی دیا اور اسحاق ڈار مواخدہ کمیٹی کا حصہ تھے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے خلاف مقدمہ چلتے رہنا چاہئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں