ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ پنجاب میں موبائل فون اور انٹرنیٹ بند رکھنے کا فیصلہ
پنجاب کے 12 اضلاع میں قائم 26 امتحانی مراکز کے 500 میٹر کی حدود میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل رہیں گی
پنجاب حکومت نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے داخلہ ٹیسٹ ایم ڈی کیٹ میں نقل کی روک تھام کے لیے داخلہ ٹیسٹ کے دوران موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے حکومت پنجاب کی سفارش پر پی ٹی اے کو ہدایات جاری کر دیں، محکمہ داخلہ پنجاب نے محکمہ صحت کی سفارش پر وفاقی حکومت کو مراسلہ لکھا تھا۔
موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کی معطلی کیلئے پنجاب کے 26 امتحانی مراکز کی لوکیشن کوآرڈینیٹس پی ٹی اے کو ارسال کردی گئیں، داخلہ ٹیسٹ کیلئے پنجاب کے 12 اضلاع میں 26 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں، تمام 26 امتحانی مراکز کے 500 میٹر کی حدود میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل رہیں گی۔
پنجاب کے 12 شہروں میں اتوار 22 ستمبر کو داخلہ ٹیسٹ کا انعقاد ہوگا، پنجاب کے 12 اضلاع میں قائم امتحانی مراکز میں 82,500 امیدوار امتحان میں شامل ہوں گے، ان اضلاع میں لاہور، گوجرانولہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، ساہیوال، راولپنڈی، سرگودھا، گجرات، رحیم یار خان شامل ہیں۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق امتحانی مراکز کے گرد موبائل سگنلز صبح 9:30 سے دوپہر 1:30 تک معطل رہیں گے۔