بشری بی بی نے خفیہ مقدمات میں گرفتاری رکوانے کیلیے عدالت سے رجوع کرلیا
سابق خاتون اول ہونے کے باوجود مسلسل سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، بشری بی بی کی لاہور ہائیکورٹ میں درخواست
September 21, 2024
پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بشری بی بی نے خفیہ مقدمات میں گرفتاری رکوانے اور مقدمات کی تفصیلات کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
بشری بی بی نے سلمان صفدر کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں وفاقی حکومت، آئی جی پنجاب سمیت پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔ اپنی درخواست میں بشری بی بی نے مؤقف اختیار کیا کہ سابق خاتون اول ہونے کے باوجود مجھے مسلسل سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ایک کے بعد دوسرے مقدمے میں غیر قانونی گرفتاری ہو رہی ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے پولیس کسی خفیہ مقدمے میں گرفتار کر سکتی ہے، لاہور ہائیکورٹ تمام درج خفیہ مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔ عدالت تمام خفیہ مقدمات میں گرفتاری روکنے کا بھی حکم جاری کرے۔