ناکامیاں پی ٹی آئی کا مقدر بن چکی ہیں وزیر اطلاعات

پی ٹی آئی کے لیڈرز بنیادی طور پر خوفزدہ ہیں اور چاہتے ہیں کہ یہ ملک ترقی نہ کرے

(فوٹو: انٹرنیٹ)

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ناکامیاں پی ٹی آئی کا مقدر بن چکی ہیں، لاہور جلسے سے متعلق پی ٹی آئی نے بہت بڑھکیں ماریں، پورا زور لگانے کے باوجود یہ لوگ جمع نہیں کر سکے، عوام نے انہیں یکسر مسترد کر دیا ہے۔

ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ جس طریقے سے ان کا اسلام آباد کا جلسہ فلاپ ہوا، اسی طرح لاہور کا جلسہ بھی فلاپ ہو چکا ہے، لاہور کی ہر سڑک کھلی تھی، پشاور سے علی امین گنڈاپور لاہور کیلیے روانہ ہوئے تو کسی جگہ کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کی گئی، اتنی تیاری اور وقت ملنے کے بعد بھی یہ پورا زور لگا کر پاکستان سے چند لوگ اکٹھے نہیں کر سکے۔


انھوں نے کہاکہ مہنگائی 9.6 فیصد پر آ چکی ہے، ان کے اپنے لوگ مانتے ہیں کہ مہنگائی میں کمی ہوئی ہے، 2018 میں نواز شریف کے دور میں مہنگائی 4 فیصد پر تھی جو پی ٹی آئی کے دور میں ڈبل ڈیجٹ پر گئی، یہ کس بات پر احتجاج کر رہے ہیں۔

سڑکیں خالی ہیں، روٹ کھلے ہیں، ہم نے انہیں فری ہینڈ دیا کہ آپ آئیں اور جلسہ کریں، انہیں جلسہ گاہ فراہم کی، سکیورٹی فراہم کی، تمام سہولیات کے باوجود یہ ناکام رہے۔

آج دنیا کے بڑے مالیاتی ادارے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کی معیشت بہتر ہو رہی ہے، مہنگائی میں صرف کمی نہیں ہوئی بلکہ ہماری برآمدات میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے، کرنٹ اکاونٹ خسارہ کم ہوا اور شرح سود کم ہوئی، پالیسی ریٹ نیچے آیا، یہی وجہ ہے کہ عوام نے ان کے جلسے کو مسترد کر دیا ہے، پی ٹی آئی کے لیڈرز بنیادی طور پر خوفزدہ ہیں اور چاہتے ہیں کہ یہ ملک ترقی نہ کرے، یہ ترقی کے سفر کو روکنا چاہتے ہیں۔
Load Next Story