فٹبال ورلڈکپ کوالیفائرز؛ ٹیموں کے درمیان جنگ جاری

عبد العزیز  اتوار 22 ستمبر 2024
(فوٹو: انٹرنیٹ)

(فوٹو: انٹرنیٹ)

فیفا ورلڈ کپ کا 23 واں ایڈیشن 2026 میں مشترکہ طور پر امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہوگا، اس میں 6 کنفیڈریشنز کی 48 ٹیمیں شریک ہوں گی، تین ملکوں کے 16 شہروں میں میچز کا انعقاد ہونا ہے۔

ایشین کوالیفائر میں سردست 18 ٹیمیں تیسرے راؤنڈ میں شریک ہیں جنھیں 6،6 ٹیموں کے 3 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر ٹیم ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر ٹکرائے گی، ہر گروپ سے 2 ملک براہ راست ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے اہل بنیں گے ، تیسری اور چوتھی پوزیشن کی ٹیمیں چوتھے مرحلے میں رسائی حاصل کرپائیں گی۔

ایشین کوالیفائرز کا تیسرا مرحلہ رواں ماہ شروع ہوچکا، 5 ستمبر کو منعقدہ ابتدائی راؤنڈ کے گروپ اے میچز میں ازبکستان نے شمالی کوریا کو 1-0 سے مات دی، فیصلہ کن گول میشاری پوف نے بنایا، ایران نے کرغزستان کیخلاف 0-1 سے کامیابی حاصل کی، واحد گول تریمی نے بنایا، متحدہ عرب امارات نے قطر کو 1-3 سے قابو کرلیا، دوسرا مرحلہ 10 ستمبر کو منعقد کیا گیا، جس میں شمالی کوریا اور قطر کی معرکہ آرائی 2-2 سے برابر ہوگئی، ازبکستان نے کرغزستان کو دلچسپ مقابلے میں 2-3 سے شکست دی، ایران نے یواے ای کیخلاف 0-1 سے کامیابی حاصل کی۔اگلے راؤنڈ کے میچز اکتوبر میں شیڈول ہیں۔

اسی طرح گروپ بی میں 5 ستمبر کو جنوبی کوریا اور فلسطین کا میچ بغیر گول کے برابر رہا، عمان کیخلاف عراق نے 0-1 سے کامیابی سمیٹی، کویت اور اردن کی معرکہ آرائی 1-1 سے برابری پر تمام ہوئی، 10 ستمبر کو منعقدہ دوسرے راؤنڈ میں اردن نے فلسطین پر 1-3 سے غلبہ پالیا، جنوبی کوریا نے عمان کو 1-3 سے ہرایا، عراق اور کویت کا مقابلہ بغیر گول کے تمام ہوگیا۔

گروپ اے میں سردست ازبکستان نے دونوں میچز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کررکھی ہے، ٹیم نے حریفوں کیخلاف 4 گول کیے جبکہ 2 گول ان کیخلاف بنے، ایران بھی دونوں ابتدائی میچز میں فتح یاب رہا، ٹیم نے 2 گول کیے جبکہ حریف ٹیموں کو ایرانی گول کیپر نے تاحال کوئی موقع نہیں دیا، متحدہ عرب امارات 2 میچز میں ایک جیت اور ایک ہار کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے، شمالی کوریا نے 2 میچز میں ایک ڈرا کیا جبکہ ایک میں شکست کا سامنا رہا، ان کی پوزیشن چوتھی ہے، قطر ایک ڈرا اور ایک ہار کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے ، کرغزستان کو دونوں میچز میں ناکامی کے سامنے کرنے کی وجہ سے گروپ میں آخری اور چھٹی پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا ہے۔

گروپ بی میں اردن نے ایک میچ جیتا جبکہ ایک برابری پر ختم کرنے کی وجہ سے ٹاپ پوزیشن سنبھال رکھی ہے، جنوبی کوریا بھی اسی ترتیب کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ، اردن کو زیادہ گول کرنے کی وجہ سے کوریا پر سبقت حاصل ہے، عراق نے بھی 2 میچزمیں ایک جیتا جبکہ ایک ڈرا کیا، اس طرح وہ بھی کم گول کرنے کی وجہ سے تیسرے نمبر پر ہے، چوتھے نمبر پر موجود کویت نے اب تک منعقدہ دونوں میچز میں کامیابی کا ذائقہ نہیں چکھا اور دونوں میچز ہارجیت کا فیصلہ ہوئے بغیر تمام ہوئے ہیں، فلسطین نے ایک میچ ڈرا کیا جبکہ ایک میں شکست کا سامنا کرتے ہوئے پانچویں پوزیشن سنبھال رکھی ہے، عمان اب تک منعقدہ دونوں میچز میں ناکامی کی وجہ سے آخری نمبر پر ہے۔

گروپ سی میں جاپان نے مکمل 6 پوائنٹس جوڑ کر ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جمارکھا ہے، ٹیم نے مجموعی طور پر 12 گول کیے جبکہ ان کیخلاف اب تک کوئی گول نہیں ہوسکا، سعودی عرب نے ایک میچ جیتا اور ایک ڈرا کرکے دوسری پوزیشن حاصل کررکھی ہے، بحرین نے تیسری پوزیشن پرقدم جمارکھے ہیں، ایک ڈرا اور ایک ناکامی کی وجہ سے مجموعی طورپر 3 پوائنٹس ان کے نام درج ہیں، انڈونیشیا نے دونوں میچز ڈرا کرتے ہوئے 2 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کررکھی ہے، آسٹریلیا ایک ہار اور ایک ڈرا کے ساتھ محض ایک پوائنٹ لے کر پانچویں نمبر پر ہے لیکن غالب امکان ہے کہ آنے والے راؤنڈ میں وہ اپنی پوزیشن بہتر بناسکتا ہے، چین بھی ابھی تک دونوں میچز میں ناکام رہا اور سردست اسے چھٹی پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا ہے۔

جنوبی امریکا سے 6 ملک براہ راست شرکت کے اہل بنیں گے جبکہ ایک کو بین البراعظمی پلے آف میں رسائی کا موقع مل پائے گا، کونمیبل نے کوالیفائرز کا عمل شروع کرنے والی پہلی فیڈریشن کا اعزاز پایا۔ 7 ستمبر کو پیراگوئے اور پیرو کا میچ بغیر گول برابر رہا، وینزویلا کو کولمبیا نے 0-1 سے قابو کیا، ارجنٹائن نے ایکواڈور کو 0-1 سے مات دی، 8 ستمبر کو منعقدہ میچز میں یوروگوئے نے چلی کو 1-3 سے مات دی، برازیل نے بولیویا کیخلاف 1-5 سے کامیابی سمیٹی، 12 ستمبر2023 کو منعقدہ دوسرے مرحلے میں ارجنٹائن نے بولیویا کو 0-3 سے آؤٹ کلاس کردیا، ایکواڈور نے یوروگوئے کیخلاف 1-2 سے زیر کرلیا، وینزویلا نے پیراگوئے کو 0-1 سے مات دی، کولمبیا اور چلی کا مقابلہ بغیر گول کے برابر رہا، برازیل نے پیرو کو 0-1 سے شکست دی۔ رواں برس ستمبر میں منعقدہ آٹھویں مرحلے میں کولمبیا نے ارجنٹائن کو 1-2 سے ہرادیا، بولیویا نے چلی کو 1-2 سے قابو کیا، ایکواڈور نے پیرو کو 0-1 سے مات دی، وینزویلا اور یوروگوئے کی معرکہ آرائی بغیر گول برابر رہی، پیراگوئے نے برازیل کو 0-1 سے ہرادیا۔n

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔