پنجاب سبزیوں کی کاشت بڑھانے کیلیے کوآپریٹو فارمنگ متعارف کرانے کا فیصلہ

صوبے میں دوہزار ایکڑ پر بے موسمی پیاز اور ٹماٹر کی کاشت کا پراجیکٹ لانچ کیا جائے گا

فائل فوٹو

پنجاب میں ٹماٹر اور پیاز سمیت سبزیوں کی کاشت بڑھانے کے لیے کو آپریٹو فارمنگ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پنجاب میں دوہزار ایکڑ پر بے موسمی پیاز اور ٹماٹر کی کاشت کا پراجیکٹ لانچ کیا جائے گا۔ 5 سے 10 کاشت کار پر مشتمل ویجیٹیبل فارمر گروپ کو بیج، کھاد، ڈرپ اریگیشن اور سولرائزیشن پر سبسڈی ملی گی۔

آف سیزن کاشت سے پنجاب میں 6 ماہ پیاز اور ٹماٹر مقامی طور پر دستیاب ہونے سے مصنوعی مہنگائی نہیں ہوگی۔ کہروڑ پکا، رحیم یار خان، وہاڑی اور راجن پور میں پیاز جبکہ خوشاب، چکوال، پنڈی اور جہلم میں آف سیزن ٹماٹر کی کاشت کا پلان ہے۔


کاشتکاروں کی سہولت کے لیے پنجاب بھر میں ایگری کلچر مشینری رینٹل سروسز شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ ٹریکٹر، ہارویسٹر سمیت دیگر جدید ترین زرعی مشینری کاشتکار کو ''نو پرافٹ، نو لاس'' کی بنیاد پر کرائے پر میسر ہوگا۔

اسی طرح، 67 سے زائد مقامات اور زرعی مشینری کے انتخاب کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سرکاری اراضی پر گندم کی بوائی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ''ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگری کلچر'' کے لیے سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔

سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی، چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان، پرنسپل سیکریٹری ساجد ظفر ڈال، سیکریٹری زراعت، سیکریٹری فنانس، سیکریٹری انرجی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
Load Next Story