ٹرمپ کی دوسرے صدارتی مباحثے سے فرار کی کوشش؛ کملا ہیرس راضی

ویب ڈیسک  اتوار 22 ستمبر 2024
سی این این نے 23 اکتوبر کو براہ راست نشر ہونے والے صدارتی مباحثے کیلیے دعوت دی ہے

سی این این نے 23 اکتوبر کو براہ راست نشر ہونے والے صدارتی مباحثے کیلیے دعوت دی ہے

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے کملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ کو 23 اکتوبر کے روز دوسرے صدارتی مباحثے کے لیے مدعو کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈیموکریٹ کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے سی این این کی دوسرے مباحثے کی دعوت قبول کرلی ہے تاہم ڈونلڈ ٹرمپ بہانے تراشنے لگے۔

اپوزیشن جماعت ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے مباحثے میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ڈے ’’5 نومبر‘‘ سے قبل ووٹرز کے سامنے کسی اور مباحثے کی ضرورت نہیں رہی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ اب اس مباحثے کے لیے بہت دیر ہوچکی ہے۔ تین ریاستوں میں تو ابتدائی ووٹنگ کا عمل بھی شروع ہوچکا ہے۔

دوسری جانب کملا ہیرس کی انتخابی مہم کے سربراہ میلے ڈیلون نے کہا کہ کملا ہیرس ‘سی این این ‘ کی دعوت پر 23 اکتوبر کو ایک اور ٹی وی مباحثے کے لیے ٹرمپ کا سامنا کرنے کو تیار ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پہلے مباحثے میں ڈونلڈ ٹرمپ نے جوبائیڈن پر سبقت حاصل کی تھی جس کے بعد حکمراں جماعت ڈیموکریٹ نے جوبائیڈن کے بجائے کملا ہیرس کو میدان میں اتارا تھا۔

کملا ہیرس نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنے پہلے مباحثے میں زبردست کامیابی سمیٹی اور مختلف ریاستوں سے حاصل ہونے والے سروے میں کملا ہیرس کو ڈونلڈ ٹرمپ پر برتری حاصل ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔