بالی ووڈ کے معروف ولن پران کو دنیا چھوڑے ایک سال گزر گیا

اداکاری کا آغاز لاہور سے کیا، ان کے مقابل اداکارہ نور جہاں تھیں، ممبئی جا کر نام کمایا

پران کی پہلی فلم ’’یملا جٹ ‘‘ 1940میں بنی، دلیپ، راج کمار، سنیل دت سے دوستی رہی۔ فوٹو: فائل

بالی ووڈ فلموں کے معروف ولن پران کو دنیا چھوڑے ایک سال گزر گیا۔ ایسے ولن جس کی فیس بیوٹی ہیرو سے بھی زیادہ تھی۔

پران کی پیدائش اگرچہ پرانی دہلی کے علاقے میں ہوئی تھی لیکن فلمی کیریئر لاہور سے ہی شروع کیا۔ ان کے فلموں میں کام کرنے کو اتفاق ہی کہا جائے گا۔ لاہور میں کسی نے فوٹو گرافی کرتے ہوئے ان کو دیکھا اور پنجابی فلم کی آفر کردی ، پہلے تو انھوں نے یہ پیشکش ٹھکرادی لیکن بعد میں مان گئے۔


لاہور کے پنچولی اسٹوڈیو میں انھوں نے اپنی پہلی فلم ،''یملا جٹ'' میں 1940میں کام کیا جس میں نور جہاں اور درگا کھوٹے تھیں۔ اس کے بعد دو اور پنجابی فلموں ،چوہدری اور خزانچی میں 1941میں کام کیا ،اور 1942 میں پہلی اردو فلم خاندان میں کام کرنے کا موقع ملا،وہ بھی پنچولی میں بنی اور اس میں نور جہاں ان کی ہیروئن تھیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دو سال قبل بننے والی ان کی پہلی فلم میں نورجہاں نے چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کام کیا تھا ، اور ''خاندان'' میں وہ ان کی ہیروئن تھیں۔

نورجہاں کی عمر 15سال تھی اور قد بھی ابھی کافی چھوٹا تھا، چنانچہ پران کے مقابل انھیں اینٹوں پرکھڑا کر کے قد پورا کیا جاتا۔ ان کی دلیپ کمار، راج کپور،سنیل دت، سبھی ہیروز سے بہت گہری دوستی تھی۔ دلیپ کمار نے ٹوئٹر پرلکھا تھا ، مجھے یاد ہے کس طرح پران میرے نکاح کے لیے خراب موسم کے باوجود سری نگر سے آیا تھا۔ سرینگر سے دہلی اور وہاں سے شام کو ممبئی پہنچا اور نکاح سے پہلے پہنچ کر مجھے گلے لگایا۔
Load Next Story