امریکا؛ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تصویر والا خالص چاندی کا سکہ جاری کردیا

 واشنگٹن: سابق امریکی صدر اور ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سکے کا اجرا کر دیا۔

سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ذاتی سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں کہا گیا کہ آج میرے پاس آپ کو دینے کے لیے ایک شاندار چیز ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ  یہ ایک چاندی کا سکہ ہے جو میں نے خود ڈیزائن کیا تھا جسے امریکا کی عظمت کو ظاہر کرنے کے لیے بڑے فخر سے بنایا گیا۔

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمی نے بتایا کہ اس سکے کا نام صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ سلور میڈل ہے جو 25 ستمبر 2024 بروز بدھ  سے دستیاب ہوگا۔ ہر ایک سکے کے ساتھ ایک اصلی سرٹیفکیٹ ہوگا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے بقول اس سند پر ان کے دستخط بھی ہوں گے جو اس بات کا ثبوت ہوں گے کہ آپ نے ٹرمپ کا اصلی سکہ خریدا ہے۔

سابق امریکی صدر نے سکہ خریدنے کے لیے حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ  ہم مل کر امریکا میں تاریخ رقم کریں گے۔ امریکا کی عظمت کا ایک ٹکڑا حاصل کرنے کی کوشش کریں۔