کمشنر کی چھاپہ مار مہم منافع خوروں پر ساڑھے 3 لاکھ روپے جرمانہ سپر اسٹور کا مالک گرفتار

گلشن اقبال میں سپراسٹور پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد،بہادرآباد میں پھل فروشوں کے 4 بڑے اسٹال ضبط کرکے پھل سیلانی۔۔۔


Staff Reporter July 14, 2014
دودھ فروش، جنرل اسٹور اور بیکری پر بھی جرمانے، ماہ رمضان میں بھی ریٹیلرز اور ہول سیلرز ناجائز منافع خوری کررہے ہیں، کمشنر شعیب احمد صدیقی فوٹو: ایکسپریس/فائل

کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے منافع خوروں اور گراں فروشوں کے خلاف انتظامیہ کی مہم کے سلسلے میں ضلع شرقی کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائی کی۔

کارروائی میں ڈپٹی کمشنر شرقی سمیع الدین صدیقی،ڈائریکٹر میڈیا کمشنر کراچی محمد شبیہ صدیقی، اسسٹنٹ کمشنر جمشید کوارٹرز اور اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال کے ہمراہ مختلف دکانوںاور بازاروں میںگراں فروشوں کے خلاف اچانک چھاپے مار کر ساڑھے 3 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ گلشن اقبال میں سپر اسٹور کے مالک کو گرفتار کرکے سپر اسٹور پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا صارفین نے کمشنر سے سپر اسٹور پر مقررہ قیمت سے زائد پر اشیا فروخت کرنے کی شکایت کی تھی۔

اس موقع پر کمشنر نے سپر اسٹور کے عملے کو ہدایت کی کہ کریانہ اشیا کی مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بناتے ہوئے سرکاری نرخنامہ آویزاں کریں اگر کریانہ اشیا سرکاری نرخ فروخت نہ کی گئیں تو اسٹور سیل کر دیا جائے گا، کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال کو ہدایت کی کہ وہ دکانوں اور اسٹورز پر نظر رکھیں اور سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں اور اسٹور مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، بہادرآباد میں کمشنر کے دورہ پر خریداروں نے کمشنر کو پھل مہنگے داموں فروخت کرنے والے پھل فروشوں کی نشاندہی کی، پھل فروش انتظامیہ کے افسران کو دیکھ کر اسٹال چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

کمشنر کے حکم پر اسسٹنٹ کمشنر جمشید کوارٹر نے 4 بڑے پھلوں کے اسٹال ضبط کرکے پھل سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کو پہنچادیے، بہادر آباد میں کمشنر نے دودھ کی دکان پر دودھ کی قیمت چیک کی، کمشنر کراچی کے حکم پر دودھ فروش پر ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا، بہادرآباد میں جنرل اسٹور پر کمشنر کراچی نے اچانک چھاپہ مارا اور زائد قیمتوں پر ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا جبکہ ایک بیکری پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، کمشنر نے کہا کہ یہ ظلم ہے کہ ماہ رمضان میں بھی ہول سیلرز اور ریٹیلرز دونوں ناجائز منافع خوری کے مرتکب ہورہے ہیں، سبزی منڈی کے تاجروں کے خلاف بھی کارروئی کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔