عافیہ موومنٹ کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے

اسٹاف رپورٹر  پير 23 ستمبر 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

  کراچی: عافیہ موومنٹ نے اتوار کو ملک کے مختلف شہروں میں پرامن احتجاجی مظاہرے کیے۔

ڈاکٹر عافیہ کی 86 سالہ سزا کے خاتمہ اور باعزت وطن واپسی کے لیے کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور،حیدرآباد، بدین، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ایبٹ آباد اور دیگر شہروں میں مظاہرے کیے گئے جن میں ڈاکٹر عافیہ کے سپورٹرز شہریوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر گلوبل عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ حکومت پاکستان ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی جلد رہائی کے لیے فوری اقدامات کرے۔

انھوں نے کہا کہ عافیہ پاکستانی شہری ہے اور گزشتہ بیس سال سے زائد عرصے سے غیر قانونی طور پر امریکی جیل میں بند ہے۔ انھوں نے کہا کہ 2010 کو ایک امریکی جج رچرڈ برمن نے ایک متعصب عدالتی کارروائی کے ذریعے عافیہ کو 86 سال قید کی سزا سنائی تھی اور اسے اپنے دفاع کا قانونی حق بھی نہیں دیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ عافیہ کی قانونی ٹیم نے ٹیکساس کی جیل ہونے والے مظالم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لیے ، واشنگٹن میںفریڈم آف انفارمیشن ایکٹ(FOIA) کے تحت اور نیویارک میں جج برمن کے ساتھ مقدمہ دائر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عافیہ کو نہیں بھولیں گے اورجدوجہد جاری رہے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔