کرم میں دو گاؤں کے درمیان لڑائی وزیراعلیٰ کی جرگہ بلانے کی ہدایت
فریقین صبر کا مظاہرہ کریں اور انتظامیہ سے تعاون کریں، عمائدین تنازعہ حل کرنے میں کردار ادا کریں، وزیراعلیٰ کے پی
ضلع کرم میں دو گاؤں کے درمیان لڑائی میں چھ افراد کی ہلاکت و متعدد زخمی ہونے کے واقعات پر وزیراعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے جرگہ بلانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلی کی ہدایت پر محکمہ داخلہ و قبائلی امور نے کمشنر کوہاٹ اور آر پی او کوہاٹ کو مراسلہ ارسال کردیا جس میں مسئلے کے پُرامن حل کے لیے فوری طور پر جرگہ منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک سال سے ضلع کرم میں امن و امان کے مسائل جنم لے رہے ہیں، یہ مسائل جرگوں اور قانون نافذ کرنے والوں اداروں کی کارروائیوں سے وقتی طور پر حل کئے جارہے ہیں لیکن یہ مسئلے مستقل بنیادوں پر حل نہیں ہورہے، مسئلے کے مستقل حل کے لئے علاقے کے عمائدین، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، منتخب بلدیاتی نمائندوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مشتمل جرگہ بلایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے مراسلے میں کہا ہے کہ جرگہ منعقد کرکے فریقین کے مطالبات صوبائی حکومت کو پیش کئے جائیں، تنازعے کے مستقل بنیادوں پر حل کے لئے صوبائی حکومت کو تجاویز بھی پیش کئے جائیں، جرگے کے انعقاد کے سلسلے میں فوری بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں، فریقین صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور امن و امان کے قیام کے سلسلے میں انتظامیہ سے تعاون کریں، عمائدین علاقہ تنازعے کے پر امن حل کے لئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔