علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

پیر23 تا اتوار 29 ستمبر 2024


September 22, 2024
پیر23 تا اتوار 29 ستمبر 2024

برج حمل
سیارہ مریخ ، 21 مارچ تا20اپریل
منگل اور بدھ کو مذہبی مقام یا مذہبی شخصیت سے ملاقات کے لیے سفر ہوسکتا ہے یا رابطہ ہوسکتا ہے۔ ایسے میں کیریئر کے حوالے سے کچھ پیش رفت اور کچھ الجھاؤ جیسی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے۔ جمعرات اور جمعے کو ممکن ہے آپ گھر اور گھر کی ذمے داریوں کے حوالے سے زیادہ فکرمند ہوں۔ صحت اوپر نیچے ہوسکتی ہے ۔

برج ثور
سیارہ زہرہ ، 21 اپریل تا 20 مئی
پیر اور منگل کو چاند اور مشتری کا آپ کی جیب میں آنا اس بات کی نشان دہی کرتا ہے کہ آمدن میں بہتری کی امید قوی ہے۔ بدھ اور جمعرات کو کسی اجنبی کی وجہ سے آپ کے مزاج میں تلخی آسکتی ہے۔ آپ کا سیارہ زہرہ عقرب میں آچکا ہے۔ یہاں اس کی موجودگی بعض اوقات حواسِ خسمہ خصوصاً سمجھ بوجھ متاثر کرتی ہے، محتاط رہیں۔

برج جوزا
سیارہ عطارد ، 21مئی تا 21 جون
دوست احباب سے وابستہ امیدیں پوری ہوسکتی ہیں۔ چاند اور مشتری کا یکجا ہونا آپ کی شخصیت میں مذہبی رنگ کو نمایاں کرسکتا ہے۔ جمعرات اور جمعے کو مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ یہ مالی فائدہ بھائی یا دوست کی مرہونِ منت بھی ہوسکتا ہے۔ بچوں کی صحت پر توجہ کی ضرورت ہے۔ اپنی سکون دینے والی چیزوں کا خیال رکھیں۔ کسی میں کوئی نقص پڑسکتا ہے۔

برج سرطان
سیارہ قمر ، 22جون تا 23 جولائی
پیر اور منگل دونوں ایام میں اگر آپ بیرون ملک امیگریشن کے لیے کوشاں ہیں تو امید ہے مثبت پیش رفت ہوسکتی ہے۔ بدھ اور جمعرات کیریئر کے لیے آپ بڑے جارحانہ اور جذباتی انداز میں متحرک نظر آتے ہیں۔ ایسے وقت میں پسند کی جگہ رشتہ ہوسکتا ہے۔ اس دوران کوشش کریں کہ کسی سے تلخی نہ ہونے پائے۔

برج اسد
سیارہ شمس ، 24جولائی تا 23 اگست
مشتری جو کہ آپ کے محبت اور اولاد کا نمائندہ ہے اس کے ساتھ چاند کا ملنا اس بارے میں خوشی لاسکتا ہے۔ بدھ اور جمعرات کو نیند متاثر ہونے کی وجہ سے ازدواجی تعلق میں سردمہری اور شکوک وشبہات کا سر اٹھانا ممکن ہے۔ ایسے وقت میں ''سینس لیس'' جیسی کیفیت حاوی ہوسکتی ہے۔ خفیہ مراسم میں محتاط رہیں تو بہتر ہے۔

برج سنبلہ
سیارہ عطارد ، 24 اگست تا 23 ستمبر
پیر اور منگل کیریئر کے حوالے سے معاملات آپ کے حق میں ہوسکتے ہیں۔ گذشتہ کچھ دنوں سے مشتری اور عطارد کے ایک دوسرے کو قوت دینے کے باعث مشکل کے باوجود حالات میں آسانی پیدا ہونے کی امید ہے۔ اچانک اور غیرمتوقع مالی فائدہ ہوسکتا ہے لیکن اس کے ساتھ کچھ کانٹے بھی نظر آرہے ہیں۔ کچھ حاصل ہوکے ضائع بھی ہوسکتا ہے، محتاط رہیں۔

برج میزان
سیارہ زہرہ ، 24 ستمبر تا 23اکتوبر
چاند اور مشتری کا زیارات، عمرہ اور مذہبی مقامات کے مقام پر یکجا ہونا سفروسعادت کے حصول میں خوش بختی لاسکتا ہے۔ آپ کی نیند تھوڑی سی متاثر ہوسکتی ہے۔ اس ہفتے ازدواجی تعلق میں گرمی سردی کیریئر پر اگرچہ اثرانداز ہوسکتی ہے لیکن اس کے باوجود مالی فائدہ ہونے کی امید روشن ہے۔

برج عقرب
سیارہ پلوٹو ، 24 اکتوبر تا 22 نومبر
آپ کا سیارہ مریخ اور جدید نجوم کے مطابق پلوٹو دونوں سفر کے امور کو متحرک کررہے ہیں۔ پلوٹو راجع یعنی الٹا چل رہا ہے۔ گویا سفر میں کوئی الجھن یا رکاوٹ ہوسکتی ہے۔ یہاں شریکِ حیات کا سیارہ زہرہ طالع میں کم زور ہے۔ گویا شریکِ حیات ذہنی الجھن کا سبب بن سکتا ہے لیکن چوںکہ مریخ اپنے ترکون کے خانے میں ہے اس لیے گھی نکل آئے گا بس انگلیاں تھوڑی سی ٹیڑھی کرنی ہیں۔ اس دوران خود کو مایوس اور جذباتی ہونے سے بچائیں۔

برج قوس
سیارہ مشتری ، 23 نومبرتا 22 دسمبر
آپ کے کیریئر کا سیارہ گذشتہ کچھ دنوں سے دسویں ہی میں متحرک رہا ہے۔ اس ہفتے منقلب یعنی تبدیلی لانے والے برج میزان میں جارہا ہے۔ سنیئرز کا تعاون اگرچہ حاصل رہے گا لیکن آپ کو اطمینان حاصل نہ ہوسکے گا۔ ایسے وقت میں بزرگوں کی صحت کا خیال ضرور رکھیں۔ اولاد اور محبوب کا سیارہ ''ٹینشن'' کے خانے میں موجود ہے۔ بچوں کے حوالے سے کچھ فکریں سر اٹھاسکتی ہیں۔

برج جدی
سیارہ زحل ، 23 دسمبر تا 20 جنوری
زحل تو پہلے سے ہی رجعت میں تھا۔ اب کئی سیارے آپ کے کیریئر کے خانے میں اکھٹے ہورہے ہیں جن میں سب سے اہم سورج ہے جو اچانک الجھنیں لانے والا ہے اور یہاں کیتو کا موجود ہونا ملازمت کے سر پر تلوار کی مانند ہے۔ آپ کے ساتھیوں کا رویہ منافقانہ نرمی ایسی مٹھاس جس کی تاثیر زہر ہے ثابت ہوسکتا ہے۔ یہ وقت نہایت سمجھ داری سے گزاریں۔

برج دلو
سیارہ یورنیس ، 21 جنوری تا 19 فروری
اولاد اور دوستوں سے جو شکایات گذشتہ ایک ماہ سے چل رہی تھیں ان میں کمی آنے والی ہے۔ بیرون ملک سفر بوجہ روزگار اور اعلٰی تعلیم ہوسکتا ہے۔ صحت تھوڑی سی متاثر ہوگی۔ سفر میں جلدبازی سے کام نہ لیں۔ کام کی جگہ کسی سے تلخ کلامی ہوسکتی ہے۔ بزرگوں کے ساتھ غیرضروری بحث اور مذہبی معاملات میں اپنے لہجے اور لفظوں کو تنقیدی نہ ہونے دیں۔

برج حوت
سیارہ نیپچون ، 20 فروری تا 20 مارچ
خفیہ امور کی سرانجام دہی اگر کسی بھی طرح غیرقانونی ہے تو اس سے دور رہِیں۔ رشتوں میں خوب صورتی تبھی ہے جب اعلانیہ ہو اولاد کے حوالے سے محتاط رہیں۔ ان کی صحت متاثر ہوسکتی ہے۔ ہوسکتا ہے جوان اولاد کا رویہ آپ کے لیے تکلیف دہ ہو یا ان کی صحت خصوصاً معدہ متاثر ہوسکتا ہے۔ اس ہفتے اولاد پر خرچ ہوسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |