کچرا کنڈی میں پڑی الماری سے نوجوان کی تشدد زدہ لاش برآمد

اورنگی ٹاؤن گلشن بہار میں کچرا کنڈی میں پڑی الماری میں پلاسٹک کے ڈرم سے 1 شخص کی ہاتھ پاؤں بندھی لاش ملی


Munawar Khan September 24, 2024
فوٹو ایکسپریس

شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن گلشن بہار میں کچرا کنڈی میں پڑی لکڑی کی الماری کے اندر پلاسٹک کے ڈرم سے ایک شخص کی ہاتھ پاؤں بندھی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن گلشن بہار جرمن اسکول کچرا کنڈی کے قریب لکڑی کی الماری کے اندر پلاسٹک کے رکھے ہوئے نیلے رنگ کی ڈرم سے ایک شخص کی تشدد زدہ گلے میں پھندا لگی ہاتھ پاؤں بندھی لاش ملی جس کے چہرے پر خون کے نشانات تھے۔

اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔ اس حوالے سے ہیڈ محرر پاکستان بازار عمیر نے بتایا کہ لاش پیر اور منگل کی درمیانی شب ملی تھی اور ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو شبہ ہے کہ مقتول کا اغوا کے بعد اسے تشدد کا نشانہ بنا کر گلا دبا کر قتل کیا گیا جبکہ مقتول کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے۔

پولیس کے مطابق مقتول کے دونوں ہاتھ بھی بندھے ہوئے تھے، جس کی عمر 35 سال کے قریب بتائی جاتی ہے جبکہ لاش دیکھ کر اندازہ ہوا کہ قتل کی واردات چند گھنٹوں قبل کی گئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ مقتول نے شلوار قمیض پہنا ہوا جبکہ شناخت کے حوالے سے بائیو میٹرک سسٹم اور پولیس کی تلاش ایپ کی مدد حاصل کی گئی ہے تاہم ابھی تک کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوسکی پولیس کو شبہ ہے کہ واقعہ ذاتی رنجش ہو سکتی ہے جبکہ پولیس جائے وقوعہ کے قریب نصب سی سی ٹی وی کو تلاش کر رہی ہے تاکہ ان کی فوٹیجز کی مدد سے اس گاڑی کا پتہ چلایا جا سکے جس پر الماری رکھ کر لائی گئی تھی اور اس الماری میں رکھے ہوئے ڈرم سے مقتول کی لاش ملی تھی تاہم پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔