پوری قوم مشکل کی گھڑی میں آئی ڈی پیز کے ساتھ کھڑی ہے شہباز شریف

دہشتگردوں کیخلاف جاری جنگ پاکستان کی بقا کی جنگ ہے،فوج کے بہادر جوان دہشتگردوں کا مقابلہ کر رہے ہیں، وزیراعلی پنجاب


ویب ڈیسک July 14, 2014
باہمی اختلافات کے باعث ہمارا دشمن فائدہ اٹھا رہا ہے جبکہ اغیار اور ملک مخالف قوتیں آج ہم پر ہنس رہی ہیں،شہباز شریف فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے زندگی کے مشکل ترین لمحات سے گزر رہے ہیں لیکن پوری قوم مشکل حالات میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔


بنوں میں متاثرین سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف جاری جنگ حقیقت میں پاکستان کی بقا کی جنگ ہے جبکہ فوج کے بہادر اور دلیر جوان دہشتگردوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے پاکستان کا سکھ چین چھین لیا اور پاکستان پر حملہ آور ہونے والوں نے ملک کو مفلوج کر کے رکھ دیا تھا تاہم دہشتگردوں کا صفایا کیا جائے گا اور متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے بلکہ تمام وسائل قدموں میں نچھاور کریں گے۔


وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف اتحاد وقت کا اہم تقاضا ہے،باہمی اختلافات کے باعث ہمارا دشمن فائدہ اٹھا رہا ہے جبکہ اغیار اور ملک مخالف قوتیں آج ہم پر ہنس رہی ہیں، یہ وقت ''اب نہیں یا کبھی نہیں''کا ہے جس میں قوم کو متحد ہو کر دہشتگردوں کا مقابلہ کرنا ہے۔


اس سے قبل شہباز شریف اپنے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بنوں پہنچے جہاں گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان نے ان کا استقبال کیا جبکہ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما امیر مقام بھی موجود تھے. وزیراعلی پنجاب نے متاثرین شمالی آپریشن سے ملاقات کی اور ان سے درپیش مشکلات دریافت کیں جبکہ انہوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے متاثرین کی مالی امداد جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے فی کس خاندان ماہانہ 7 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |