پاکستان کو زراعت میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کی کوشش کریں گے، بیلاروس

  اسلام آباد: بیلاروس کے وزیر توانائی الیکسی کوشنرینکو نے وفاقی وزیر اقتصادی امور سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ پاکستان کو زراعت میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ سے بیلاروسی وزیرتوانائی الیکسی کوشنرینکو نے ملاقات کی اور اس دوران وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ پاک-بیلا روس مشترکہ وزارتی کمیشن میں شرکت پر بیلاروسی وزیرتوانائی کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان جامع تجارتی حکمت عملی 2027-2025 معیشت کی بحالی کے لیے اہم قدم ہے۔

احد چیمہ نے کہا کہ بیلاروس کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری کا شفاف نظام وجود میں آچکا ہے اور ساتویں مشترکہ وزارتی کمیشن کے فیصلوں پر عمل درآمد کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل انڈسسٹری سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہونا خوش آئند بات ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ رواں سال اکتوبر میں وزیراعظم پاکستان بیلاروس کا دورہ کریں گے، نومبر میں صدر مملکت بھی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے بیلاروس جائیں گے۔

اس موقع پر الیکسی کوشنرینکو نے کہا کہ بیلاروس پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون کے لیے تیار ہے، امید ہے مشترکہ وزارتی کمیشن کے فیصلوں سے مثبت نتائج نکلیں گے۔

بیلاروسی وزیرتوانائی نے کہا کہ بیلاروس پاکستان کو زراعت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کی بھرپور کوشش کرے گا۔