چیمپئنز کپ؛ صائم ایوب نے اپنا ایوارڈ حسنین کو کیوں دیا؟

ویب ڈیسک  بدھ 25 ستمبر 2024
شاداب کی ٹیم مارخورز کو شکست دیکر ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گئی (فوٹو: اسکرین شارٹ)

شاداب کی ٹیم مارخورز کو شکست دیکر ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گئی (فوٹو: اسکرین شارٹ)

چیمپئنز ون ڈے کپ کے کوالیفائر میچ میں صائم ایوب نے اپنا مین آف دی میچ کا ایوارڈ فاسٹ بولر محمد حسنین کو دیدیا۔

گزشتہ روز فیصل آباد میں کھیلے گئے ایونٹ کے پہلے کوالیفائر میچ میں پینتھرز نے مارخورز کو سات وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئنز ون ڈے کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، اس میچ میں صائم ایوب نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں اور ماخورز کی بیٹنگ لائن کو تباہ کردیا جبکہ محمد حسنین نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

کوالیفائر1 میں مارخورز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔پینتھرز کے خلاف مارخورز کی ابتدائی 4 وکٹیں صرف 25 رنز پر گر گئیں اور پھر پوری ٹیم صرف 137 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

مزید پڑھیں: چیمپئینز کپ؛ شاہین کی انجری! کیا لائنز کیلئے پلےآف میچ کھیلیں گے؟

پینتھرز نے مطلوبہ ہدف محض 3 وکٹوں کے نقصان پر 24ویں اوور میں حاصل کرکے فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی۔

مارخورز کے خلاف شاندار کارکردگی دکھانے پر صائم ایوب کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تاہم صائم نے اپنا ایوارڈ ساتھی کھلاڑی محمد حسنین کو دے دیا۔

مزید پڑھیں: چیمپئینز کپ؛ مینٹور ٹیم کو ٹورنامنٹ کے بیچ تنہا چھوڑ کر امریکا روانہ

صائم ایوب نے کہا کہ میرے خیال سے یہ ایوارڈ حسنین کا بنتا ہے، جس طرح اس نے نئے گیند سے وکٹیں لے کر شاندار آغاز فراہم کیا اسی نے جیت کی بنیاد رکھی، یہی وجہ تھی کہ مجھے بھی وکٹیں ملیں۔

مزید پڑھیں: چیمپئینز ون ڈے کپ: شاداب خان کی پینتھرز فائنل میں پہنچ گئی

واضح رہے کہ ایونٹ میں اب بدھ کو ایلمینیٹر 1 میں اسٹالینز کا مقابلہ لائنز سے ہوگا،جیتنے والی ٹیم ایلمینیٹر 2 میں مارخورز کا سامنا کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔