فوج اور آئی ڈی پیز اپنے آج کو ہمارے کل کیلئے قربان کررہے ہیں یوسف رضا گیلانی

ہم نے اپنے دور حکومت میں 25 لاکھ آئی ڈی پیز کی گھروں تک منتقلی کو یقینی بنایا، یوسف رضا گیلانی


ویب ڈیسک July 14, 2014
دفاع وطن کے لئے فوج عظیم قربانیاں دے رہی ہے، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف۔ فوٹو؛ فائل

سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کا کہنا ہے کہ پاک فوج اور آئی ڈی پیز اپنے آج کو عوام کے کل کے لئے قربان کر رہے ہیں۔

اسلام آباد سے پیپلز پارٹی کی جانب سے متاثرین شمالی وزیرستان کے لئے امدادی سامان روانہ کرنے کے موقع پر یوسف رضا گیلا نی کا کہنا تھا کہ آئی ڈی پیز کی امداد کے لئے 4 ٹرک روانہ کر دیئے گئے ہیں، 750 من امدادی سامان میں کھانے پینے کی اشیا شامل ہیں، آئی ڈی پیز کے لیے امداد بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کی جانب سے بھجوائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں 25 لاکھ آئی ڈی پیز کی گھروں تک منتقلی کو یقینی بنایا، آئی ڈی پیز کی ہر ممکن مدد کریں گے، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبد المجید نے بھی دنیا بھر میں کشمیریوں سے آئی ڈی پیز کے لئے فنڈ ریزنگ کی اپیل کی ہے۔

اس موقع پر سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ وطن کے لئے نقل مکانی کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں، شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کا دل جیتنا بہت ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دفاع وطن کے لئے فوج عظیم قربانیاں دے رہی ہے، آئی ڈی پیز کے معاملے پر حکومت کا امتحان ہے۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کے باعث نقل مکانی کر کے آنے والے رجسٹرڈ آئی ڈی پیز کی تعداد ساڑھے 9 لاکھ سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں