پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، حصص کی مالیت میں 99 ارب روپے سے زائد کا اضافہ

اسٹاف رپورٹر  بدھ 25 ستمبر 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بدھ کے روز تیزی کا رجحان رہا، جس کے نتیجے میں حصص کی مالیت میں 99 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ ہوا۔

بین الاقوامی اسٹاک مارکیٹوں میں تیزی، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے پاکستان کے لیے 7ارب ڈالر کے نئے قرض پروگرام کی منظوری سے متعلق اجلاس، بینکنگ آئل اینڈ گیس سیمنٹ اور فارما سیکٹر میں پر اعتماد انداز میں سرمایہ کاری جیسے عوامل کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں آج بدھ کے روز تیزی رہی۔

مارکیٹ میں پی ایس ایکس 100 انڈیکس کی 82000پوائنٹس کی نفسیاتی سطح عبور ہوگئی۔ تیزی کے سبب 57فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جب کہ حصص کی مالیت میں بھی 99ارب 17کروڑ 34لاکھ 25ہزار 706روپے کا اضافہ ہوگیا۔

مثبت سینٹیمنٹس کی وجہ سے کاروبار کے مجموعی دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی جس سے ایک موقع پر 848پوائنٹس کی تیزی بھی ریکارڈ پر آئی تاہم وقفے وقفے سے ہونے والی پرافٹ ٹیکنگ سے مارکیٹ اتارچ چڑھاؤ کا بھی شکار رہی، جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 764.27پوائنٹس کے اضافے سے 82247.91پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 218.86پوائنٹس کے اضافے سے 26121.41پوائنٹس، کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 506.15پوائنٹس کے اضافے سے 52618.25 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 686.48پوائنٹس کے اضافے سے 127353.77 پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری حجم گزشتہ روز (منگل) کے مقابلے میں 14.21فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 42کروڑ 21لاکھ 63ہزار 158 حصص کے سودے ہوئے جب کہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 437 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 248 کے بھاؤ میں اضافہ، 126 کے داموں میں کمی اور 63 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا، ان میں پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے بھاؤ 89.75روپے بڑھ کر 987.29 روپے اور ہال مارک کمپنی لمیٹڈ کے بھاؤ 84.90روپے بڑھ کر 933.90روپے ہوگئے جب کہ اسماعیل انڈسٹریز کے بھاؤ 83.28روپے گھٹ کر 1813.39روپے اور محمود ٹیکسٹائل کے بھاؤ 60.40روپے گھٹ کر 554.07 روپے ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔