ہفتہ طلبا جامعہ کراچی میں سائیکل ریلی کا انعقاد
انتظامیہ کے مطابق سائیکل ریلی کا مقصد آلودگی سے پاک ماحول کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا
جامعہ کراچی میں صحت مند ماحول کو فروغ دینے کیلیے سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
جامعہ کراچی نے ہفتہ طلبہ کے سلسلے میں شہر قائد کو کاربن فری سٹی بنانے کا مشن بنانے کیلیے سائیکلنگ ریلی نکالی، حب ریلی کے تعاون سے سات اعشاریہ دو کلومیٹر طویل سائیکل ریلی میں طلبا و طالبات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول سے شروع ہونے والی ریلی شیخ زید گیٹ سے ہوتی ہوئی آغاز کے مقام پر اختتام پذیر ہوئی۔
انتظامیہ کے مطابق سائیکل ریلی کا مقصد آلودگی سے پاک ماحول کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ طلبہ نے جامعہ کراچی کی انتظامیہ سے سائیکلیں عطیہ کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ اگر ہر شعبے کے باہر سائیکل اسٹینڈ ہو تو کسی بھی دوسرے شعبے جانے والی مشکلات سے نجات مل جائے گی۔
طبی ماہرین کے مطابق سائیکلنگ پھیپھڑوں کی صلاحیت کو بڑھاتی ہے اور ذیابطیس کو بھی کنٹرول رکھتی ہے۔