پائیدار ترقی کے حصول کیلئے چین کے ساتھ مل کر کام کریں گے، صدر مملکت

ویب ڈیسک  بدھ 25 ستمبر 2024
صدرمملکت نے بیجنگ میں ہونے والے عالمی پائیدار ٹرانسپورٹ فورم 2024 سے ویڈیو خطاب کیا—فوٹو: پی آئی ڈی

صدرمملکت نے بیجنگ میں ہونے والے عالمی پائیدار ٹرانسپورٹ فورم 2024 سے ویڈیو خطاب کیا—فوٹو: پی آئی ڈی

  اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے محفوظ، پائیدار اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرے گا جس سے امن اور خوش حالی کے دور کا آغاز ہوگا۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہونے والے عالمی پائیدار ٹرانسپورٹ فورم 2024 سے ویڈیو خطاب کیا۔

صدر مملکت نے اپنے خطاب میں اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے فروغ میں چین کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی کو فروغ دینے اور علاقائی اور عالمی اقتصادی خوش حالی میں چین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے چین کے صدر شی چن پنگ کی قیادت میں چین کے قومی ترقی کے منصوبوں کو بھی سراہا۔

صدر مملکت نے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے فورم کو آگاہ کیا کہ پاکستان نے خواتین کے لیے خصوصی پنک بسیں متعارف کرائی ہیں تاکہ پبلک ٹرانسپورٹ کا محفوظ، آرام دہ اور قابل رسائی طریقہ فراہم کیا جاسکے۔

انہوں نے زور دیا کہ عوام کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مؤثر اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے لیے پائیدار انفرا اسٹرکچر کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دیہی علاقوں کی سڑکوں تک رسائی 92 فیصد تک ہوگئی ہے جو نمایاں بہتری ہے، دیہی علاقوں کی رسائی میں اضافہ پائیدار ترقی کے فروغ اور دیہی آبادی تک بنیادی خدمات کی فراہمی بہتر بنانے میں مددگار ہوگا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو بنیادی ڈھانچے کی پائیدار دیکھ بھال اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، گزشتہ 5 سال میں تباہ کن سیلابوں، شدید بارشوں سمیت موسمی حالات نے پاکستان کے ٹرانسپورٹ انفرا اسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان رکن ممالک کی ٹرانسپورٹ انتظامیہ کے درمیان پائیدار ٹرانسپورٹ تعاون کا حمایتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔