میچ کے دوران خواب خرگوش کے مزے لینے والے تماشائی نے چینل پر مقدمہ کردیا

میچ کے دوران خواب خرگوش کے مزے لینے والے تماشائی نے چینل پر مقدمہ کردیا

میچ کے دوران خواب خرگوش کے مزے لینے والے تماشائی نے چینل پر مقدمہ کردیا۔ فوٹو : فائل

لاہور:
کرکٹ کے میچوں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے آپ نے غور کیا ہوگا کہ اکثر ٹیلی ویژن اسکرین پر اسٹیڈیم یا اس کے اطراف کے دل چسپ منظر بھی اُبھر آتے ہیں۔

مثلاً منفرد حلیہ بنائے ہوئے تماشائی، یا گراؤنڈ میں داخل ہوجانے والی بلّی اور اسی طرح کے دل چسپ مناظر کیمرا مین کی توجہ حاصل کرلیتے ہیں اور وہ کیمرے کا رُخ موڑ کر چشم زدن میں یہ مناظر پوری دنیا کو دکھا دیتا ہے۔ یہ مناظر پیش کرنے کا مقصد ٹیلی ویژن پر میچ سے لطف اندوز ہونے والے شائقین کو تازگی کا احساس دلانا بھی ہوتا ہے۔


گذشتہ دنوں ایک معروف اسپورٹس چینل سے بیس بال کا میچ براہ راست نشر ہورہا تھا۔ کیمرے کی آنکھ اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں پر سے پھسلتی ہوئی ایک تماشائی پر جاکر ٹک گئی جو میچ سے لطف اندوز ہونے کے بجائے خواب خرگوش کے مزے لے رہا تھا۔ یہ منظر دیکھ کر کمنٹیٹرز نے تبصرے بھی کیے۔ سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کا خاصا چرچا رہا۔ چند روز قبل مذکورہ تماشائی کی شناخت 26 سالہ اینڈریو ریکٹر کے نام سے ہوئی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اینڈریو نے مذکورہ اسپورٹس چینل کے خلاف ایک کروڑ ڈالر ہرجانے کی ادائیگی کا مقدمہ کردیا ہے۔

عدالت میں دی گئی درخواست میں اینڈریو نے موقف اختیار کیا ہے کہ چینل نے میچ کے دوران اسے سوتے ہوئے دکھایا۔ اس ' حرکت ' کی وجہ سے سوشل میڈیا میں اسے طنز و تشنیع کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ساتھ ساتھ دوست احباب بھی اس کا مذاق اڑا رہے ہیں جس کی وجہ سے اسے شدید ذہنی اذیت پہنچی ہے۔ لہٰذا اسپورٹس چینل کی انتظامیہ اس اذیت کے ازالے کے طور پر اسے ایک کروڑ ڈالر ادا کرے۔ اینڈریو نے درخواست میں یہ بھی کہا ہے کہ اسے سوتے ہوئے دیکھ کر کمنٹیٹرز نے بھی اسے مذاق کا نشانہ بنایا۔

اینڈریو کی درخواست کے جواب میں اسپورٹس چینل کی طرف سے ابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ البتہ سوشل میڈیا میں اس پر مختلف تبصرے کیے جارہے ہیں۔
Load Next Story