اساتذہ اور ملازمین کے خلاف تحقیقاتی کمیٹی کا قیام، جمعرات کو احتجاجی اجلاس طلب

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 26 ستمبر 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

کراچی: وفاقی اردو یونیورسٹی کے اساتذہ اور ملازمین نے وائس چانسلر کی جانب سے مطالبات نہ تسلیم کیے جانے اور احتجاجی اساتذہ اور ملازمین کے خلاف تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کے خلاف جمعرات کو احتجاجی اجلاس طلب کرلیے۔

انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس کی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ 18 ستمبر کو انجمن اساتذہ عبدالحق و گلشن اور اعمال کے نمائندوں نے وائس چانسلر کے ساتھ ایک ملاقات کی جس میں طے کیا گیا تھا کہ ہاؤس سیلنگ سے متعلق پانچ ستمبر کا خط منسوخ کیا جائے گا۔ایک ہاؤس سیلنگ فوری طور پر ادا کی جائے گی اور ہاؤس سیلنگ اور سیلری سے متعلق احتجاج کرنے والوں کے خلاف کسی بھی قسم کی انتظامی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

تاہم، اس کے برعکس ہوا اور انتظامیہ کی جانب سے ایک خط منظر عام پر آیا، جس میں ہاؤس سیلنگ اور سیلری کےلیے احتجاج کرنے والوں کے خلاف ایک اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی قائم کی گئی ہے، جس پر 16 ستمبر کی تاریخ درج ہے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ وائس چانسلر کی جانب سے ابھی تک نہ ہی 5 ستمبر کا خط منسوخ کیا گیا اور نہ ہی کوئی ہاؤس سیلنگ جاری کی گئی۔ چناچہ انجمن اساتذہ عبدالحق اپنے اساتذہ اور اعمال کے ہاؤس سیلنگ اور سیلری کےلیے احتجاج کرنے والوں کے خلاف کسی بھی قسم کی کوئی انتظامی و انتقامی کارروائی کی مذمت کرتی ہے۔

اس حوالے سے انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس نے جمعرات کو مجلس عامہ کا ہنگامی اجلاس بلالیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔