پی ٹی آئی مینار پاکستان جلسہ لاہور ہائیکورٹ کا ڈی سی کو 30ستمبر تک فیصلہ کرنیکی ہدایت
ڈی سی لاہور کو فیصلہ کرکے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے پاس رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت
مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کے لیے لاہور ہائیکورٹ نے 30 ستمبر تک ڈی سی لاہور کو درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔
جسٹس فاروق حیدر نے پی ٹی آئی کے اکمل خان باری کی دائر درخواست پر سماعت کی۔
وکیل درخواست گزار نے دلائل میں کہا کہ مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی ہماری درخواست ڈی سی لاہور کے پاس زیر التوا ہے۔
عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ 30 ستمبر تک ڈی سی لاہور اس درخواست پر فیصلہ کرکے لاہور ہائیکورٹ کے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو اس حوالے سے رپورٹ جمع کروائیں۔
درخواست میں پنجاب حکومت اور ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔ درخواست گزار کا موقف تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سالگرہ پانچ اکتوبر کو ہے اس لیے پرامن جلسہ کرنا چاہتے ہیں، مینار پاکستان میں شام پانچ بجے سے لیکر رات دس بجے تک جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت پانچ اکتوبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دینے کا حکم دے۔