شکیب الحسن کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعرات 26 ستمبر 2024
(فوٹو: کرک انفو)

(فوٹو: کرک انفو)

کانپور: بنگلا دیش کے اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

بنگلا دیش کے سابق کپتان شکیب الحسن نے جمعرات کو بھارت کے شہر کانپور میں دوسرے ٹیسٹ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگلے سال پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی ان کا آخری ون ڈے ٹورنامنٹ ہوگا جس کے بعد وہ مارچ 2025 تک بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔

شکیب الحسن نے کہا کہ وہ ٹی 20 کرکٹ سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں اور گزشتہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلادیش کے لیے اپنا آخری میچ کھیل چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اکتوبر میں جنوبی افریقا کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے وطن واپس جانا چاہتے ہیں تاکہ بنگلا دیش میں اپنے آخری دو ٹیسٹ میچ کھیل کر ٹیسٹ کیریئر ختم کرسکیں، میں نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے اپنی خواہش کا اظہار کیا ہے لیکن اگر ایسا نہیں ہوتا تو شاید یہ میرا آخری ٹیسٹ ہو۔

واضح رہے کہ بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی پارٹی سے تعلق رکھنے والے شکیب الحسن کو بنگلادیش میں قتل کے الزامات کا سامنا ہے، وہ حسینہ واجد کا تختہ الٹے جانے کے بعد سے ابھی تک بنگلا دیش واپس نہیں گئے۔

تجربہ کار کھلاڑی نے 2006 میں اپنے بین الاقوامی ڈیبیو کے بعد سے 70 ٹیسٹ، 247 ون ڈے اور 129 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کی ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقا نے بنگلادیش میں جاری سیاسی کشیدگی کی وجہ سے اب تک اپنی ٹیم کو سیریز کے لیے سکیورٹی کلیئرنس نہیں دی، اگر جنوبی افریقا سیریز نہیں ہوتی تو کان پور میں جمعہ سے شروع ہونے والا بھارت کے خلاف ٹیسٹ شکیب الحسن کا آخری ٹیسٹ ہو گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔