ملک میں اب نان فائلرز کی گنجائش نہیں سخت پابندیاں لگائیں گے وزیر خزانہ

حکومت کے پاس نان فائلرز کا ڈیٹا آگیا جس میں اُن کے طرز زندگی اور بیرون ملک سفر سمیت دیگر تفصیلات موجود ہیں، انٹرویو


ویب ڈیسک September 26, 2024
فوٹو: فائل

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں اب نان فائلرز کی کوئی گنجائش نہیں ہے، جو اپنی آمدن پر ٹیکس فائل نہیں کرتا اُس پر سخت پابندیاں لگائیں گے جس کے بعد وہ بہت سے کام نہیں کرسکے گا۔

امریکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان میں نان فائلر کی اصطلاح ختم کرنے جارہے ہیں کیونکہ حکومت کے پاس نان فائلرز کا تمام ڈیٹا آگیا ہے جس میں اُن کے طرز زندگی، گاڑیوں کی ملکیت اور بیرون ملک سفر سمیت دیگر تمام تفصیلات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آمدن چھپانے اور ٹیکس نہ دینے والوں پر ایسی پابندیاں لگانے جارہے ہیں جس کے بعد وہ بہت سارے کام نہیں کرسکیں گے کیونکہ اب ہمارے پاس گنجائش ختم ہوگئی ہے۔ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقے پر بجٹ میں جو بوجھ ڈالا گیا ہے اُسے کم کیا جائے گا جبکہ ری ٹیلرز، تھوک فروش، زراعت اور پراپرٹی کے شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لائیں گے۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف نے قرض کی واپسی سے متعلق سوال کیا تو ہم نے انہیں معاشی اصلاحات کا پلان دیا ہے کیونکہ حکومت کے پاس اب اس کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے، اس کے علاوہ جو طبقے یا شعبے ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں انہیں بھی ٹیکس کے دائرہ کار میں لائیں گے۔

 

محمد اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ برس محصولات میں29 فیصد اضافہ ہوا اُس کے باوجود ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح 9 فیصد رہی، ایسی شرح سے کسی بھی ملک کی معیشت میں استحکام نہیں لایا جاسکتا۔ انہوں نے آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے کہا کہ چین اور سعودی عرب نے ہماری مدد کی اور 7 ارب ڈالر کا قرض کی منظوری ہوئی، اگر چاہتے ہیں کہ آئی ایم ایف کا یہ آخری پروگرام ہو تو ملکی معیشت میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لانا ہوں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں