کے الیکٹرک کی یقین دہانیوں کے باوجود رات میں بھی لوڈ شیڈنگ جاری شہری اذیت میں مبتلا

کے الیکٹرک نے حکومت سندھ اور سیاسی جماعتوں کو یقین دہانی کرائی تھی کہ رات 12 سے صبح 6 بجے تک لوڈشیڈنگ نہیں کی جائےگی

فوٹو: فائل

کے الیکٹرک نے حکومت سندھ ، کمشنر کراچی ، سیا سی جماعتوں سے کی گئی یقین دہانی ردی کی ٹوکری میں ڈالتے ہوئے رات کے اوقات میں بھی لوڈشیڈنگ جاری رکھی ہوئی ہے، شہرمیں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہرمیں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، مختلف علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

تفصیلا ت کے مطابق کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جا ری ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 سے 12 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے جبکہ مرمت کے نام پر پورا پورا دن بجلی کی فراہمی معطل رہتی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

لوڈ شیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں کورنگی ، لانڈھی، پی آئی بی کالونی ، ملیر، بھینس کالونی ، سرجانی ٹاؤن، اورنگی ٹاون، لیاقت آباد، سائٹ ایریا، بلدیہ ٹاون، کیماڑی، گڈاپ، گولیمار، محممود آباد، منظورکالونی، اعظم بستی ،نیوکراچی،گلشن معمار، احسن آباد سمیت دیگر شامل ہیں۔

کے الیکٹرک نے حکومت سندھ ، کمشنرکراچی ، ایم کیوایم پاکستان اور جماعت اسلامی کویقین دہانی کرائی گئی تھی کہ رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی لیکن کے الیکٹرک نے تمام یقین دہانیوں کو پس پشت ڈالتے ہو ئے رات کے اوقات میں بھی لوڈشیڈنگ جاری رکھی ہوئی ہے۔


رات 12 بجے سے رات 2 بجے تک بھی لوڈشیڈنگ کی جا تی ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں 2 بارتین تین گھنٹے کی، دو بار ڈھائی ڈھائی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے شہری اذیت میں مبتلا ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ہم تاریخ کی مہنگی ترین بجلی حاصل کرر ہے ہیں، چند سو یونٹ کا بل 10،10 ہزار روپے ہے جو ماضی دو سے تین ہزار ہوا کرتا تھا لیکن دن رات بجلی کی فراہمی معطل ہے اور اس کے ساتھ مینٹینس (مرمتی)کام کی وجہ سے صبح نو بجے سے شام سات بجے تک بجلی کی فراہمی بند کرنا معمول بن گیا ہے۔

کورنگی نمبر 6 سیکٹر 44 سی کے رہائشی عدنان خان نے بتا یا کہ ہما رے یہاں 11 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے اور گذشتہ دو دن سے صبح 9 بجے سے رات 10 بجے مرمت کے نام پر بجلی کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہما ری زندگی اجیرن ہو گئی ہے ایک تو بھاری بھرکم بل کی ادائیگی کرر ہے ہیں اور دوسری جانب سے اذیت ناک لوڈشیڈنگ برداشت کرر ہے ہیں۔

اس حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک اویس منشی کا کہنا ہے کہ شہر میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی، حد دورانیہ لوڈشیڈنگ کا 10 گھنٹے ہے جبکہ سسٹم کے استحکام کے لیے مینٹیننس ضروری ہوتی ہے، مرمتی کام دوران بجلی بند ہونے کو لوڈشیڈنگ سے تشبیہ دینا مناسب نہیں ہے۔
Load Next Story