ریٹیلرز کی غیرتصدیق شدہ رسیدیں رپورٹ کرنے والے صارفین کیلیے انعامی اسکیم کا اعلان

اگر کسی صارف کو غیر تصدیق شدہ رسید موصول ہوتی ہے تو وہ مخصوص ایپلی کیشن یا واٹس ایپ نمبر کے ذریعے اس کی اطلاع دے گا


Irshad Ansari September 26, 2024
فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نےریٹیلرز کی غیر تصدیق شدہ رسیدیں رپورٹ کرنے والے صارفین کے لیے انعامی اسکیم کا اعلان کردیا ہے۔

ایف بی آر نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن SRO.1513(I)/2024 کے ذریعے سیلز ٹیکس قوانین 2006 میں ترمیم کرتے ہوئے اس اسکیم کا اعلان کیا ہے، اس انعامی اسکیم کے تحت انٹیگریٹڈ ٹئیر-1 ریٹیلرز کے وہ صارفین جو غیر تصدیق شدہ رسیدوں کی اطلاع دیں گے، ان کو ان کی خریداریوں پر انعامات ملنے کا اہل قرار دیا جائے گا۔

اگر کسی صارف کو غیر تصدیق شدہ رسید موصول ہوتی ہے تو وہ مخصوص ایپلی کیشن یا واٹس ایپ نمبر کے ذریعے اس کی اطلاع دے گا۔

اطلاع دیتے وقت صارف کا نام، شناختی کارڈ نمبر، موبائل نمبر، بینک اکاؤنٹ نمبر (آئی بی اے این)، ڈیجیٹل ادائیگی کا ثبوت، غیر تصدیق شدہ رسید کی تصویر، اورغیر تصدیق شدہ رسید جاری کرنے والے کاروباری یونٹ کی کاروباری جگہ کی جی پی ایس ٹیگ تصویر سمیت تمام تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔

یہ شرط بھی رکھی گئی ہے کہ اگر صارف ڈیجیٹل ادائیگی کا ثبوت فراہم نہیں کرتا تو انعام کا دعویٰ کرنے کا حق ضائع ہو جائے گا۔

غیر تصدیق شدہ رسید کی رپورٹ ملنے پر کمشنر ان لینڈ ریونیو کے آئی آر آئی ایس لاگ اِن میں ایک الرٹ پیدا ہو جائے گا، اور وہ رسید کی تصدیق کرے گا تاکہ صارف کو انعام کے حق دار ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کیا جا سکے۔

اس کے علاوہ کمشنر سیلز ٹیکس ایکٹ کی دفعہ 33 کے ٹیبل کے سیریل نمبر 24 کے تحت مزید کارروائی بھی کرے گا، اگر کسی بھی مرحلے پر صارف کی جانب سے فراہم کردہ معلومات غلط یا نامکمل پائی گئیں تو انعام کی تقسیم میں تاخیر کا ذمہ دار صارف ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں